بھارت میں دو لاکھ 34 ہزار سے زائد نئے مریض
بھارت میں کرونا وائرس کے مزید دو لاکھ 34 ہزار 281 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
اتوار کو وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح 14 اعشاریہ پانچ فی صد رہی ہے۔
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 893 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
علاوہ ازیں اتوار کو بھارت کی 75 فی صد بالغ شہریوں کی ویکسی نیشن مکمل ہو گئی ہے۔
پاکستان: کرونا سے مزید 29 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 29 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 ہزار 16 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سات ہزار 978 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ملک میں اتوار کو کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ چار چھ فی صد رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک ہزار 455 مریض انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔
پاکستان میں کیسز میں مسلسل اضافہ
پاکستان میں گزشتہ چند روز کے دوران کرونا کیسز اور اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آٹھ ہزار 183 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے شکار 30 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران ملک بھر میں 68 ہزار 624 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ نو دو فی صد رہی۔
حکام کے مطابق ملک میں اس وقت 1353 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
آسٹریلیا میں ریکارڈ اموات
آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ ایک روز کے دوران کرونا کے شکار 98 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
آسٹریلیا میں گزشتہ کئی روز سے یومیہ لگ بھگ پانچ ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جمعے کو 98 مریضوں کی ہلاکت کے بعد حکام نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔
آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے ایک روز کے دوران سب سے زیادہ اموات 21 جنوری کو 87 رپورٹ ہوئی تھیں۔ لیکن جمعے کو ریاست وکٹوریا میں 39، نیو ساؤتھ ویلز میں 35، کوئنز لینڈ میں 18 اور دارالحکومت کینبرا میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا ان ملکوں میں شامل ہے جہاں بالغ افراد کے کرونا ویکسین لگانے کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ آسٹریلیا کی کل آبادی میں 93 فی صد بالغ افراد ویکسین لگوا چکے ہیں جب کہ عالمی وبا سے اب تک آسٹریلیا میں 3500 اموات ہو چکی ہیں۔