چھ ماہ سے پانچ سال کے بچوں کے لیے کرونا ویکسین کی منظوری متوقع
ادویات کی منظوری دینے والا امریکی ادارہ (ایف ڈی اے) دوا ساز کمپنی فائزر پر چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کی کرونا وائرس ویکسین کی دو خوراکوں کے اجازت نامے کی ہنگامی منظوری پر زور دے رہا ہے، جبکہ تین خوراکوں کے کورس کے ڈیٹا کا انتظار ہے، تاکہ فروری کے آخر تک ٹیکے لگوانے کاطریقہ کار واضح ہو جائے۔
اس معاملے سے آگاہ ایک شخص نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا کہ کمپنی کی جانب سے درخواست منگل تک جمع کرانے کی توقع تھی۔
فائزر کے ابتدائی ڈیٹا میں ظاہر ہوتا ہے کہ ویکسین جو قوت میں بڑوں کو لگائے جانے والی ویکسین کا دسواں حصہ ہے، محفوظ ہے اور مدافعتی ردعمل پیدا کرا ہے۔ لیکن گزشہ برس فائزر نے اعلان کیا تھا کہ اس کا دو خوراکوں کا ٹیکہ دو سے پانچ سال کی عمر کے بچوں میں کرونا وائرس کی روک تھام میں کے لیے کم کارگرثابت ہوئی ہے۔ اور ریگولیٹر نے کمپنی کو اس مطالعے میں تیسری خوراک کو شامل کرنے کی ترغیب دی تھی کہ ایک اور خوراک ویکسین کی اثرپزیری کو بڑوں کے بوسٹر کی طرح بڑھا دے۔
کسی بھی ملک کا فتح کا اعلان قبل از وقت ہے: سربراہ ڈبلیو ایچ او
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبراسس نے کہا ہے کہ 10 ہفتے قبل اومیکرون ویریئنٹ کی پہلی مرتبہ تشخیص کے بعد ڈبلیو ایچ او کو لگ بھگ نو کروڑ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ کیسز سال 2020 میں رپورٹ ہونے والے کیسز سے زیادہ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے بیشتر خطوں میں اموات میں تشویش ناک حد تک اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ٹیڈروس کے مطابق یہ کسی بھی ملک کے لیے قبل از وقت ہے کہ وہ سرینڈر کرے یا فتح کا اعلان کرے۔
سربراہ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ ہمیں یہ تحفظات ہیں کہ کچھ ممالک میں یہ نظریہ پایا جا رہا ہے کہ چونکہ ویکسی نیشن ہو گئی ہے اور اومیکرون کا پھیلاؤ بہت تیز ہے اور یہ کم مہلک ہے تو اس لیے اس کی منتقلی روکنا مزید ممکن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائرس کی زیادہ منتقلی کا مطلب زیادہ اموات ہیں۔ ہم کسی ملک سے کوئی نام نہاد لاک ڈاؤن کا مطالبہ نہیں کر رہے لیکن ہم تمام ممالک سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنے لوگوں کا تحفظ کریں۔
امریکہ: کرونا کے منفی اثرات کو کم کرنے میں معاون مسجد
امریکہ کے دارالحکومت میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد کے ویکسین لگوانے کے باوجود وبا سے متاثرہ افراد کا گراف انتہائی تیزی سے اوپر گیا ہے۔ ایسے میں واشنگٹن ڈی سی میں بننے والی پہلی مسجد اپنے ارد گرد رہنے والوں کی کیسے مدد کر رہی ہے؟ جانتے ہیں 'لائف 360' میں صبا شاہ خان سے۔
پاکستان بھر میں موبائل ویکسی نیشن کا اعلان
وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے ملک بھر میں موبائل ویکسی نیشن کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس بریفنگ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ وہ علاقے جہاں ویکسین شدہ افراد کی تعداد زیادہ ہے وہاں کرونا کی پانچویں لہر سے کم نقصان ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسین مہم میں موبائل ویکسی نیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے 55 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں گھر گھر ویکسین لگائیں گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ مہم کا آغاز یکم فروری سے کیا جا رہا ہے جب کہ یہ مہم دو ہفتوں تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ حکومت کا اس مہم کے دوران ساڑھے تین کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔