سعودی عرب میں داخلے کے لیے نئے ضابطے
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے سعودی عرب آنے والے مسافروں کے لیے نئے ضابطے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی گیزیٹ کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرے اور دورے کے لیے سعودی عرب آنے والے مسافروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ ویکسی نیشن کے باوجود روانگی سے 48 گھنٹے قبل منفی پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ جمع کرائیں۔
رپورٹ کے مطابق وزارت نے تصدیق کی ہے کہ نئے ضابطے کا اطلاق نو فروری سے ہو گا۔
ادھر گلف نیوز کے مطابق مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب میں آمد سے 48 گھنٹے قبل منفی پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ سعودی شہریوں سمیت تمام مسافروں کو جمع کرانا ہو گا۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل طلال ال شلہوب کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے باہر سے آنے والے تمام افراد کے لیے روانگی سے 48 گھنٹے قبل کا منظور شدہ منفی پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ جمع کرانا لازمی ہو گا۔
انہوں نے تمام سعودی شہریوں پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب سے باہر سفر کے لیے کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لازمی لگوائیں۔
سابق رُکن اسمبلی بشری رحمٰن کا کرونا سے انتقال
پاکستان کی قومی اسمبلی کی سابق رُکن اسمبلی بشری رحمٰن کرونا وائرس کے باعث لاہور میں انتقال کر گئیں۔ اُن کی عمر 77 برس تھی۔
پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بشری رحمٰن کے صاحبزادے حسن نے والدہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا کے باعث وہ کچھ عرصے سے علیل تھیں۔
بشری رحمٰن 2002 اور 2008 میں مسلم لیگ (ق) کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر رُکن قومی اسمبلی بنی تھیں۔ اس سے قبل وہ 1985 اور 1988 میں رُکن پنجاب اسمبلی بھی بنیں۔ وہ کئی کتابوں کی مصنفہ بھی تھیں۔
آسٹریلیا: غیر ملکیوں کے لیے سرحدیں کھولنے کا اعلان
کرونا ویکسین مکمل کرنے والے غیر ملکیوں کے لیے آسٹریلیا کی سرحدیں 21 فروری سے کھول دی جائیں گی۔
آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم اسکاٹ موریسن نے پیر کو میڈیا بریفنگ کے دوران اعلان کیا کہ وہ غیرملکی شہری جو ویکسین کی دو خوراکیں لے چکے ہیں وہ 21 فروری سے آسٹریلیا آ سکتے ہیں۔
آسٹریلیا میں کرونا پھیلاؤ کے باعث غیر ملکیوں کا گزشتہ دو برس سے داخلہ منع تھا۔
پاکستان میں مسلسل تیسرے روز کیسز میں کمی
پاکستان میں کرونا کیسز میں مسلسل تیسرے روز کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین ہزار 338 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ اس وبا کے شکار مزید 38 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 44 ہزار 779 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ چار پانچ فی صد رہی۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے شکار 1684 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں اتوار کو 4874 اور ہفتے کو 6137 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔