رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

15:35 10.2.2022

فی الحال ان ڈور ماسک نہ پہننے کی اجازت نہیں دے سکتے: سی ڈی سی

امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پروینشن (سی ڈی سی) کی ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ کرونا کیسز میں کمی کے باوجود فی الحال ان ڈور ماسک نہ پہننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

بدھ کو وائٹ ہاؤس میں کووڈ-19 ریسپانس ٹیم کی بریفنگ کے دوران سی ڈی سی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر روشال ویلنسکی کا کہنا تھا کہ وبا ابھی اس مقام پر نہیں پہنچی جہاں ہم یہ فیصلہ کریں کے اب ان ڈور ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔

ڈاکٹر روشال ویلنسکی نے رپورٹرز کو بتایا کہ امریکہ میں ایک ہفتے کے دوران کرونا کیسز میں 44 فی صد کمی آئی ہے جب کہ اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح بھی 25 فی صد کم ہوئی ہے۔

البتہ اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ میں گزشتہ ہفتے اموات کی شرح میں تین فی صد اضافہ ہوا ہے۔ لہذٰا وہ علاقے جہاں وائرس پھیلنے کے خدشات زیادہ ہیں وہاں ماسک پہننے کی گائیڈ لائنز میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔

13:05 10.2.2022

پاکستان میں کرونا سے مزید 47 اموات، مثبت کیسز 7.1 فی صد

پاکستان میں گزشتہ چند روز کے دوران کرونا کے باعث اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور جمعرات کو ملک میں کرونا سے مزید 47 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ قبل ازیں بدھ کو چار ماہ بعد کرونا سے 50 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔

کرونا وائرس پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 7.1 فی صد رہی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 3914 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 1716 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاکستان میں کرونا سے اب تک 29 ہزار 648 اموات ہو چکی ہیں جب کہ مصدقہ کیس 14 لاکھ 74 ہزار سے بڑھ چکے ہیں۔

15:04 9.2.2022

کینیڈا میں ٹرک ڈرائیور کا احتجاج، معاشی نقصان کا اندیشہ

کینیڈا کے سیاست دان اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ امریکہ اور کینیڈا کی مصروف ترین سرحدی گزر گاہ پر ٹرک ڈرائیورز کا ویکسین نہ لگوانے کے خلاف احتجاج سے معاشی نقصانات ہو سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق ٹرک ڈرائیورز کرونا وائرس کے حوالے سے عائد پابندیوں اور ویکسین لگوانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جس کے باعث امریکہ اور کینیڈا میں مصروف سرحدی گزر گاہوں پر آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

وزیر برائے پبلک سیفٹی مارکو مینڈیسنو کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ڈیٹرائٹ اور اور کینیڈا میں ونزر کے درمیان ایمبسڈر برج بند ہے اور اس پر کینیڈا سے امریکہ کی جانب ٹریفک کی روانی بند ہے البتہ امریکہ جانے والا کچھ ٹریفک اس پر جا سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پل سے امریکہ اور کینیڈا میں ہونے والی تجارت کے لیے 25 فی صد ٹریفک گزرتا ہے۔

کینیڈا میں لگ بھگ دو ہفتوں سے ٹرک ڈرائیورز کا احتجاج جاری ہے۔ اس غیر معمولی احتجاج کے دوران ٹرک ڈرائیورز نے کئی مقامات پر ٹرک کھڑے کرکے راستے بلاک کر دیے ہیں۔

احتجاج کے دوران پارلیمان کے سامنے بھی مظاہرہ کیا گیا تھا۔ دارالحکومت اوٹاوہ کے میئر نے گزشتہ اتوار کو ہنگامی حالات نافذ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

14:48 9.2.2022

افغانستان میں کرونا کیسز میں اضافہ، اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان

افغانستان میں صرف پانچ اسپتال ایسے ہیں جو کہ کرونا وائرس کا علاج کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق حالیہ مہینوں میں 33 اسپتال ڈاکٹر، ادویات اور شدید سردی کی وجہ سے بند کیے جا چکے ہیں۔ ملک اس وقت شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے ایسے میں کرونا کیسز میں اضافہ شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔

دارالحکومت کابل کے ایک ہی اسپتال میں کرونا کے علاج کیا جا رہا ہے جہاں کے ڈاکٹر محمد گل کا کہنا تھا کہ اس اسپتال کو صرف رات میں گرم رکھا جاتا ہے کیوں کہ اسپتال کو گرم رکھنے کے لیے درکار فیول کم مقدار میں دستیاب ہے۔

اس اسپتال کو افغان جاپان کمیونیکیبل ڈیزیز اسپتال کہا جاتا ہے جہاں 100 کے قریب بیڈز ہیں۔ اس اسپتال میں کرونا وارڈ ہمیشہ ہی بھر رہتا ہے۔

ڈاکٹر محمد گل کا کہنا ہے کہ اسپتال کو آکسیجن سے لے کر ادویات سب کچھ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری سے قبل کرونا کے یومیہ ایک سے دو کیسز آ رہے تھے البتہ اب یہ تعداد 12 سے 12 تک پہنچ چکی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG