حکومتی ہدایات پر عمل شرعی طور پر لازم ہے: اسلامی نظریاتی کونسل
پاکستان میں اسلامی قوانین سے متعلق آئینی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل نے وبائی امراض کی صورت میں حکومتی اقدامات کی تقلید کرنا شریعت کے مطابق قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیشِ نظر عوام ہاتھ ملانے اور مذہبی اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے کہنے پر کرونا وائرس کے تناظر میں مذہبی عوامل کے حوالے سے احتیاطی تجاویز ترتیب دی ہیں جنہیں کابینہ نے منظور کیا ہے۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ کرونا جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔ کونسل نے تجویز کیا ہے کہ بڑے مذہبی اجتماعات سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ ملانے (مصافحہ)، گلے ملنے (معانقہ) سے اجتناب برتنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ "اسلام میں زبان سے سلام کرنے کا ہی اصل حکم ہے، مصافحہ اور معانقہ لازمی نہیں ہیں بلکہ اگر حکومت کی طرف سے ان پر پابندی لگائی جائے تو اس پر عمل کرنا شرعی طور پر لازم ہے۔"
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کہتے ہیں کہ نماز کے اوقات کو بھی محدود کردینا چاہیے جب کہ خطیب حضرات جمعے کو صرف عربی زبان میں خطبے پر ہی اکتفا کریں۔
روس میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت
روس میں کرونا وائرس سے جمعرات کو پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون کی عمر 79 برس تھی۔
دنیا بھر میں لگ بھگ دو لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے ہونے والے مرض 'کووڈ 19' میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ 8800 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ تاہم 84 ہزار افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
نیوزی لینڈ میں تمام غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی
نیوزی لینڈ نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک میں تمام غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندی کے بعد نیوزی لینڈ کے شہری اور مستقل رہائشی وطن واپس آ سکتے ہیں۔ لیکن کمرشل ایئر لائنز کی جانب سے پروازوں کی بندش کے بعد انہیں بھی وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس سے اب تک 28 افراد متاثر ہوئے ہیں اور کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔