رسائی کے لنکس

کرونا وائرس جنگ عظیم دوم کے بعد بدترین انسانی بحران ہے: اقوامِ متحدہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس جنگ عظیم دوم کے بعد انسانیت کے لیے بدترین بحران بن کر سامنے آٰیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے منگل کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والا معاشی اور سیاسی عدم استحکام دنیا میں امن کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وبا سے دنیا میں ہر شخص کو خطرات لاحق ہیں۔ کرونا وائرس کے معاشی نقصانات کے طور پر دنیا میں کساد بازاری کی ایسی صورتِ حال پیدا ہوگی جس کی ماضی قریب میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات سے ممکنہ طور پر دنیا میں عدم استحکام پیدا ہو گا اور تنازعات بڑھیں گے۔ اس لیے یہ جنگ عظیم دوم کے بعد سے اب تک کا سب سے مشکل بحران ہے۔

کرونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن اور کاروبار کی بندش کی وجہ سے دنیا کی بڑی معیشتیں بھی دباؤ میں ہیں۔ (فائل فوٹو)
کرونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن اور کاروبار کی بندش کی وجہ سے دنیا کی بڑی معیشتیں بھی دباؤ میں ہیں۔ (فائل فوٹو)

اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے مقابلے کے لیے مؤثر ردعمل کی ضرورت ہے۔ جو صرف اسی صورت میں ہو سکتا ہے جب تمام لوگ یک جہتی سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں اور سیاسی مقاصد سے پاک ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ انسانیت داؤ پر لگی ہے۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ ہم درست سمت میں جا رہے ہیں لیکن ہماری رفتار سست ہے۔ اگر ہمیں اس وائرس کو ہرانا ہے تو ہمیں تیزی سے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

اقوامِ متحدہ نے کرونا وائرس سے متاثر غریب اور ترقی پذیر ممالک کی معاشی مدد کے لیے ایک فنڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ یہ کچھ کر دکھانے کا وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 75 سال قبل جب سے اقوامِ متحدہ بنی ہے، یہ عالمی وبا اب تک کا سب سے سخت امتحان ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں اور 'کووڈ 19' سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ آٹھ لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ 40 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

دنیا کی نصف کے قریب آبادی کرونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن، کرفیو اور دیگر پابندیوں کی زد میں ہے۔

امریکہ میں بھی کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ امریکہ میں چار ہزار کے لگ بھگ اموات ہو چکی ہے جب کہ کیسز چین کے مقابلے میں دو گنا ہو گئے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی آئندہ دو ہفتوں کو مشکل اور تکلیف دہ وقت قرار دے چکے ہیں جب کہ امریکہ میں انسداد کرونا وائرس کی ٹاسک فورس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس وبا سے ملک میں دو لاکھ تک ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG