رسائی کے لنکس

پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل تیسری جیت


پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل تیسری جیت
پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل تیسری جیت

باربڈوس میں بارش سے متاثرہ میچ میں میزبان ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان نے سیریز میں فیصلہ کُن فتح حاصل کرلی

پاکستان نےویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کےتیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں تین وکٹوں سے فتح کے بعد فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی ہے۔

ویسٹ انڈین شہر باربڈوس میں بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کیریبئنز کی پوری ٹیم 43.4اوورز میں صرف 171رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ابتدائی بلے باز سائمنز 51رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ڈی ایم براوو نے 47رنز بنائے جب کہ سیموئلز اور ایڈورڈز 18،18رنز بناسکے۔

ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑی کوئی رن بنائے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور سعید اجمل نے 3،3وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ نے دو جب کہ جنید خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم کے ابتدائی تین کھلاڑی صرف 12کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے اور ویسٹ انڈیز کا پلہ بھاری ہوگیا۔ تاہم، عمر اکمل اور مصباح کے درمیان 37رنز کی شراکت اور پھر مصباح الحق اور نوجوان آل راؤنڈر حماد اعظم کے درمیان 78رنز کی پارٹنرشپ نے پاکستان کو میچ میں واپس لاکھڑا کیا۔ عمر اکمل نے 30رنز بنائے جب کہ حماد اعظم نے 36کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کے متنازع فیصلے کا شکار ہوئے۔

سینئر بلے باز مصباح الحق کریز پر جمے رہے جب کہ کپتان شاہد آفریدی ایک غیر ذمہ دارانہ اسٹروک کھیلتے ہوئے 11رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

وکٹ کیپر محمد سلمان کی وکٹ گرنے کے بعد میچ دلچسپ صورت اختیار کر گیا۔ تاہم، وھاب ریاض کی 17رنز کی اننگ نے جس میں دو چھکے شامل تھے پاکستان کو تین وکٹوں سے فتح دلادی۔

رام پال نےچار، اور بشو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

مصباح الحق 62رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔ اُنھیں ’مین آف دِی میچ‘ قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG