رسائی کے لنکس

ون ڈے سیریز: پاکستان کا زمبابوے کے خلاف کلین سوئپ


ون ڈے سیریز: پاکستان کا زمبابوے کے خلاف کلین سوئپ
ون ڈے سیریز: پاکستان کا زمبابوے کے خلاف کلین سوئپ

پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں میزبان زمبابوے کو 28 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی ہے۔

بدھ کو ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کوپہلے کھیلنے کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 270رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے اسد شفیق اور یونس خان نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے بالترتیب51اور 81رنز بنائے۔

زمبابوے کے باؤلرچکمبورا نے دو جب کہ پرائس، ووٹوری اور جارویس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً 271 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بناسکی۔ زمبابوین اوپنرز سبانڈا اور چھیبابھا نے عمدہ کھیل پیش کیا اور بالترتیب 59 اور 62 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حالیہ سیریز میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کرنے والے اعزاز چیمہ آج کے میچ کے کامیاب ترین بالر رہے جنہوں نے 43 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستانی بالر یاسر شاہ نے بھی دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اعزاز شاہ کو 'مین آف دی میچ' جبکہ یونس خان کو 'مین آف دی سیریز' قرار دیا گیا۔

اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ بھی 10 وکٹوں سے جیتا تھا۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل پاکستان نے دورے کے دوران کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں بھی سات وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ جمعہ کو ہرارے میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG