رسائی کے لنکس

یونس خان نے ٹیسٹ میچوں میں نو ہزار انفرادی رنز بنا لیے


یونس خان (فائل فوٹو)
یونس خان (فائل فوٹو)

تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے تھے اور اسے حریف پر 358 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔

پاکستان کے بلے باز یونس خان اپنے ٹیسٹ کریئر میں نو ہزار رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یہ اعزاز انھوں نے انگلینڈ کے خلاف ہفتہ کو دبئی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا۔

پاکستان نے جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ایک بار پھر اس کی دو وکٹیں محض 16 کے مجموعی اسکور پر گر چکی تھیں۔ شان مسعود ایک جب کہ شعیب ملک سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ نے یونس خان کے ساتھ مل کر مجموعی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیا لیکن وہ بھی 51 رنز بنا کر چلتے بنے۔

تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے تھے۔ یونس خان 71 اور کپتان مصباح الحق نے 87 رنز بنا رکھے تھے۔ پاکستان کو حریف پر 358 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔

اس سے قبل میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 182 رنز تین کھلاڑی پر دوبارہ شروع کی تو اس کے بلے باز حریف باؤلروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

کھانے کے وقفے تک ایک، ایک کر سات برطانوی کھلاڑی پویلین لوٹ ہوگئے اور یوں پوری ٹیم 242 رنز ہی بنا سکی اور پاکستان کو اس پر 136 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

انگلینڈ کی طرف سے اس اننگز میں جو روٹ 88 اور کپتان الیسٹر کک 65 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے چار، چار وکٹیں حاصل کی۔ عمران خان دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG