رسائی کے لنکس

پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست، بنگلہ دیش کا کلین سوئپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنگلہ دیش نے 251 رنز کا ہدف 3ء39 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی ہے۔

بدھ کو ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن پوری ٹیم 49 اوورز میں 250 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

جواباً بنگلہ دیش نے 251 رنز کا ہدف 3ء39 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش کے اوپنر سمیا سرکار نے 6 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 127 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ پچھلے دونوں میچوں میں سینچری اسکور کرنے والے تمیم اقبال نے 64 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں جنید خان نے حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز نسبتاً پراعتماد انداز میں کیا۔ پاکستان 39 ویں اوور کے آغاز تک صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 200 سے زائد رن بنا چکا تھا۔

کپتان اظہر علی نے 101 رن بنائے جب کہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اوپنر سمیع اسلم نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ سمیع کو نائب کپتان سرفراز احمد کی جگہ آخری میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

محمد حفیظ اس میچ میں بھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف چار رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ حارث سہیل نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 52 رنز اسکور کیے۔

ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں سے سعد نسیم کے علاوہ اور کوئی بھی حریف باؤلروں کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ نوجوان کھلاڑی نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے مشرفی مرتضیٰ، روبیل حسین، عرفات سنی اور شکیب الحسن نے دو، دو جب کہ ناصر حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے دونوں میچوں میں پاکستان کو شکست دے کر بنگلہ دیش یہ سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے جو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں اس کی پہلی فتح ہے۔

سیریز کا پہلا میچ میزبان ٹیم نے 79 رنز سے جیتا تھا جب کہ دوسرے میچ میں اس نے سات وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 24 اپریل کو ایک ٹی20 میچ ہوگا جس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG