ورلڈ اليون اور پاکستان کے مابين آزادی کپ کے لوگو کی رونمائی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں واقع قذافی سٹیڈیم میں چیئرمین پی سی بی نے کی۔ تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے دیگر عہدیدار بھی شریک ہوئے۔
لوگو رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی سبی نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ پاکستان کی سیریز ہے، ہر کسی کو تعاون کرنا ہوگا اور دنیا کو پاکستان کا مثبت پہلو دکھانا ہو گا۔ آزادی سیریز کے لئے پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت نے بہت تعاون کیا ہے جبکہ عوام ان کی چھوٹی چھوٹی کوتاہیاں در گزر کردیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان ميں انٹرنيشنل کرکٹ کی واپسی کا دارومدار اسی سيريز پر ہے۔ عالمی کھلاڑیوں کی پاکستان میں آمد کرکٹ کے ميدان آباد کرنے کی جانب اہم سنگ ميل ثابت ہو گی۔
چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آزادی کپ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے اور اسپانسرز بھی پی سی بی کے ہر ایونٹ کو سپورٹ کررہے ہیں۔ نجم سيٹھی نے بتایا کہ ورلڈ اليون کو لانے کے لئے کرکٹ بورڈ نے بہت محنت کی ہے۔
سری لنکا اور ويسٹ انڈيز کی پاکستان آمد کا انحصار آزادی کپ کی کاميابی پر ہے۔
نجم سيٹھی نے بتایا کہ فی الحال انٹرنيشنل ٹيميں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی ميں نہيں کھيلنا چاہتيں۔ انٹرنیشنل سیکورٹی کمپنی کراچی میں سیکورٹی انتظامات چیک کرینگی۔ رپورٹ آنے پر پی ايس ايل کے چار یا پانچ ميچز کراچی ميں کراوئيں گے۔
پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارہ ستمبر سنہ دو ہزار سترہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔