پاکستان سے تعلق رکھنے والے علیم ڈار نے دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
کیپ ٹاؤن میں جب وہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے لیے میدان میں اترے تو یہ ان کے کریئر کا 332 واں میچ تھا۔
اس سے پہلے یہ اعزاز جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے روڈی کورٹنز کے پاس تھا جنہوں نے 331 میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔
48 سالہ علیم ڈار اب تک 109 ٹیسٹ، 182 ایک روزہ بین الاقوامی اور 41 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹر رہنے والے علیم ڈار بطور کھلاڑی ریٹائرمنٹ کے بعد امپائرنگ کے شعبے میں آئے اور 2000ء میں انھوں نے اپنے کریئر کے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں یہ فرائض انجام دیے۔ یہ میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گوجرانوالہ میں کھیلا گیا تھا۔
نرم گفتار اور سلجھی طبیعت کے باعث دنیائے کرکٹ میں اپنی ساکھ بنانے والے علیم ڈار کو 2002ء میں کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" نے اپنے امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل کیا تھا۔
وہ 2009ء، 2010ء اور 2011ء میں سال کے بہترین امپائر کے ایوارڈز بھی حاصل کر چکے ہیں۔
2011ء میں ہی حکومت پاکستان نے انھیں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔