آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ نے بدھ کو بگ بیش لیگ کے دسویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
تین دسمبر سے شروع ہونے والی لیگ کا افتتاحی میچ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور میلبورن رینیگیڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
لیگ میں مجموعی طور پر 60 میچز کھیلے جائیں گے جس کا فائنل چھ فروری کو ہو گا۔
ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں شامل ہیں اور سڈنی سکسر 2020 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
بگ بیش لیگ کے تین ٹائٹل پرتھ اسکورچر اپنے نام کر چکی ہے جب کہ سڈنی سکسر دو مرتبہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے بگ بیش لیگ کے شیڈول کا اعلان ایسے موقع پر کیا ہے جب ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو گیا ہے اور بعض ریاستوں کے درمیان آمد و رفت پر پابندی ہے۔
حال ہی میں میلبورن اور سڈنی میں کرونا وائرس کے نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے اثرات بگ بیش لیگ پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ بگ بیش لیگ کا شیڈول کرونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ البتہ کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
بگ بیش لیگ کے چیف الیسٹر ڈوبسن نے کہا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد کے لیے ہیلتھ پروٹوکول پر عمل درآمد کیا جائے گا اور ہر ایک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
اُن کے بقول، کرونا وائرس کے چیلنج کو سامنے رکھ کر ہی ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلیا کو رواں برس اکتوبر اور نومبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی بھی میزبانی کرنی ہے۔ تاہم ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے اور ریاستوں کے درمیان فضائی آپریشن کی معطلی کی وجہ سے ایونٹ کے ملتوی کیے جانے کا امکان ہے۔