رسائی کے لنکس

دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش مشکلات کا شکار


اظہر علی (فائل فوٹو)
اظہر علی (فائل فوٹو)

اظہر علی نے ٹیسٹ کریئر کا ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنی پہلی ڈبل سینچری اسکور کی اور دو چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 226 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار نظر آرہی ہے اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر 107 رنز پر اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

جمعرات کو میر پور میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 323 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی لیکن جلد ہی کپتان مصباح الحق شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انھوں نے نو رنز بنائے۔

اظہر علی نے ٹیسٹ کریئر کا ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنی پہلی ڈبل سینچری اسکور کی اور دو چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 226 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسد شفیق نے ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے اپنی چھٹی ٹیسٹ سینچری مکمل کی۔ وہ 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کا اسکور جب 557 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ تک پہنچا تو اس نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

بنگلہ دیش کی طرف سے تاج الاسلام نے تین، محمد شاہد اور شوواگاتا ہوم نے دو، دو جب کہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ صرف چار کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سینچری اسکور کرنے والے تمیم اقبال صرف چار رنز بنا سکے۔

پاکستانی باؤلروں نے میزبان بلے بازوں کو جم کر کھیلنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور 107 پر پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

یاسر شاہ اور جنید خان نے دو، دو جب کہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا جب کہ دورہ بنگلہ دیش میں پاکستانی ٹیم کو تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز میں بری طرح شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

XS
SM
MD
LG