رسائی کے لنکس

پاکستانی نژاد عمران طاہر جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم میں شامل


پاکستانی نژاد عمران طاہر، جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں شامل
پاکستانی نژاد عمران طاہر، جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں شامل

جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز کےلیے اپنے اسکواڈ میں ایک پاکستانی نژاد کھلاڑی کو بھی شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے ہی جنوبی افریقہ کی شہریت حاصل کرنے والے 31 سالہ لیگ اسپنر عمران طاہر پاکستان اے ٹیم کی طرف سے کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے پاکستان کی طرف سے گزشتہ چار برسوں کے دوران کسی لیول کا کوئی میچ نہیں کھیلا جس کے باعث کرکٹ کے عالمی قوانین کی رو سے ان کی جنوبی افریقی ٹیم میں شمولیت ممکن ہو پائی ہے۔

عمران طاہر گزشتہ کئی سال سے جنوبی افریقی شہر ڈربن کے ایک کلب ’ڈولفن‘ کی طرف سے کھیل رہے ہیں اور جنوبی افریقہ کی فرسٹ کلاس ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث خاصے مشہور ہیں۔

عمران طاہر حال ہی میں ہونے والے 40 اوورز کے ایک ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ میں 15 وکٹیں حاصل کرکے سرِ فہرست رہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے بھی رواں ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کےلیے اپنی ٹیم میں 24 سالہ پاکستانی نژاد کھلاڑی عثمان خواجہ کو شامل کیا تھا۔

بھارت کے خلاف جمعرات کو اعلان کردہ 14 رکنی جنوبی افریقی اسکواڈ میں ایک اور نئے کھلاڑی بیٹنگ آل راؤنڈر فرانسس ڈی پلیسس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ 26 سالہ ڈی پلیسس نے رواں سیزن کے ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں تین سنچریوں سمیت 567 رنز اسکور کیے تھے۔

بھارت کے خلاف کیپ ٹاؤن میں جاری تیسرے ٹیسٹ میں زخمی ہونے والے جیکوس کیلس ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہیں۔ ڈاکٹرز نے سائیڈ اسٹرین کے باعث کیلس کو بالنگ کرانے سے روک دیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق انہیں مکمل صحت یابی کیلیے تین ہفتے کا وقت درکار ہوگا۔

وکٹ کیپر مارک باؤچر کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا ہے اور اے بی ڈی ویلئرز ون دے سیریز میں بھی وکٹ کیپنگ کرینگے۔

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG