رسائی کے لنکس

بھارت/ جنوبی افریقہ دوسرا کرکٹ ٹسٹ


بھارت/ جنوبی افریقہ دوسرا کرکٹ ٹسٹ
بھارت/ جنوبی افریقہ دوسرا کرکٹ ٹسٹ

دھو نی کی ٹیم دوسے اور آخری ٹسٹ کو جیتنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی، کیونکہ اس طرح بھارت نہ صرف سیریز ڈرا کر سکے گا بلکہ دنیا کی سر فہرست ٹسٹ ٹیم کا اپنا اعزاز بھی برقرار رکھ سکے گا۔

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان اتوار کے دن کولکتہ میں دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بے حد ولولہ خیز اور دلچسپ ثابت ہوا۔ تاریخی ایڈن گارڈن کے اسٹیڈیم میں پہلے دن چائے کے وقفے تک جنوبی افریقہ کی ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت بے حد مضبوط کر لی تھی۔ اس نے ص رف دو وکٹ کھو کر 228 رنز بنالئے تھے۔ اس سکور میں اس کے دو بلے بازوں کی سینچریاں بھی شامل تھیں ایسا لگ رہا تھا جیسے جنوبی افریقہ کی ٹیم رنوں کا پہاڑ کھڑا کر لے گی۔


تاہم چائے کے وقفے کے بعد بھارتی گیند بازوں نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا اور کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقہ کے 9 وکٹ گر چکے تھے اور سکور تھا صرف 266۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس نے چائے کے اپنے سکور میں صرف 38 رنز کا اضافہ کیا اور مزید 7 وکٹ کھو دئے۔


ناگپور میں پہلے ٹسٹ میں میزبان ٹیم کو اننگز کی شکست کا مزا چکھانے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ صبح ایڈن گارڈن میں اتری تھی۔کپتان گرائم سمتھ کی انگلی میں فریکچر کے باوجود ٹاس جیت کر انہوں نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ سمتھ صرف چار رنز بنا کرظہیر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم اس کے بعد ہاشم آملا جو اس وقت زبردست فارم میں ہیں اور نئے کھلاڑی الویرو پیٹرسن نے نہ صرف ٹیم کی حالت سنبھال دی بلکہ اپنی اپنی سینچری بھی بنالی۔ دوسرے وکٹ کی ساجھےداری میں دونوں نے 209 رنز بنائے اور ہندوستانی بولروں کی جم کر پٹائی کی۔

تاہم پیٹرسن نے جیوں ہی اپنی سینچری مکمل کی ظہیر کی گیند پر کپتان اور وکٹ کیپر مہیندر سنگھ دھونی نے ان کا کیچ اچک لیا۔ چائے کے وقفے کے بعد جب کھیل شروع ہوا تو ان کے پارٹنر آملا بھی اسی انداز میں آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح ظہیر نے تین اہم وکٹ لے کر مہمان ٹیم کی کمر توڑ دی۔


اس کے بعد ہر بھجن سنگھ نے جیکس کیلس کو 10 رنز پر آئوٹ کر دیا۔ لکشمن نے پیچھے کی جانب دوڑتے ہوئے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔ اس کے بعد ہربھجن نے لگاتار دو گیندوں پر اشویل پرنس اور جے پی ڈیومنی کو آؤٹ کر دیا۔ ایشانت شرما نے پال ہیریس کا وکٹ لیا اور ظہیر نے ایک شاندار رن آؤٹ کیا۔

دوسرے ٹسٹ میں بھارتی ٹیم میں لکشمن واپس آگئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کمر میں چوٹ ہونے کی وجہ سے مارک بائوچر کو شامل نہیں کیا گیا۔ دھو نی کی ٹیم دوسے اور آخری ٹسٹ کو جیتنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی، کیونکہ اس طرح بھارت نہ صرف سیریز ڈرا کر سکے گا بلکہ دنیا کی سر فہرست ٹسٹ ٹیم کا اپنا اعزاز بھی برقرار رکھ سکے گا۔

XS
SM
MD
LG