رسائی کے لنکس

بھارت نے آسٹریلیا کو ہرادیا، سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ


بھارت نے آسٹریلیا کو ہرادیا، سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ
بھارت نے آسٹریلیا کو ہرادیا، سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ

عالمی کرکٹ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے ہراکر سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔

آج کی شکست کے بعد ورلڈ کپ پر گزشتہ تین مقابلوں سے چلے آرہے آسٹریلوی راج کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔ 1999ء، 2003ء اور 2007ء کے ورلڈ کپس میں فتح حاصل کرکے آسٹریلیا نے سب سے زیادہ اور لگاتار تین بار کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل کر رکھا تھا۔

جمعرات کو بھارتی شہر احمد آباد میں ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے۔ جواباً بھارت نے مطلوبہ ہدف 4ء47 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 10 ویں اوور میں 40 کے مجموعی اسکور پر گری جب آشوان نے افتتاحی بلے باز شین واٹسن کو 25 کے انفرادی ا سکور پر بولڈ کردیا۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بریڈ ہیڈن تھے جنہیں 23 ویں اوور میں سُریش رائینا نے یووراج سنگھ کی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔ اُنھوں نے 62گیندیں کھیل کر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز بنائے ۔

31ویں اوور میں مائیکل کلارک بھی صرف آٹھ رنز بنا کر یووراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اُن کے بعد مائیکل ہسی کھیلنے کے لیے آئے لیکن 34ویں اوور میں وہ بھی صرف تین کے انفرادی اسکور پر ظہیر خان کی گیند پر کلین بولڈ قرار پائے۔ اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 150 رنز تھا۔

آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیمرون وائٹ تھے جو 42ویں اوور میں 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تاہم اس دوران ون ڈائون آنے والے آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے 49ویں اوور تک وکٹ کا ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پونٹنگ کی ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں یہ 30 ویں جبکہ کرکٹ ورلڈ کپس کی پانچویں سینچری تھی۔

ڈیوڈ ہسی 38 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے آشوان،ظہیر خان اور یووراج نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواباً بھارت نے 261 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو نویں اوور کے آغاز میں اوپنر وریندر سہواگ شین واٹسن کی گیند پر مائیکل ہسی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 16 رنز بنائے۔

بھارت کی گرنے والی دوسری وکٹ لیجنڈ بلے بازسچن ٹنڈولکر کی تھی جو 19ویں اوور میں 53 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ شان ٹیٹ کی گیند پر ہیڈن نے ان کا کیچ لیا۔ آج کے میچ میں ٹنڈولکر نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنے 18000 رنز بھی مکمل کرلیے۔

گوتم گمبھیر اور ورت کولہی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں بھارت کے اسکور میں 49 رنز کا اضافہ کیا۔ کولہی 24 رنز بنا کر ڈیوڈ ہسی کی گیند پر مائیکل کلارک کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو بھارت کا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز تھا۔

بھارت کی گرنے والی اگلی وکٹ گوتم گمبھیر کی تھی جو 50 کے انفرادی اسکور پر 34 ویں اوور میں میں رن آئوٹ ہوگئے۔ چار اوورز بعد کپتان مہندرا سنگھ دھونی بھی صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بریٹ لی کی گیندپر مائیکل کلارک نے ان کا کیچ لیا تو بھارتی ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا چکی تھی۔

دھونی کے آئوٹ ہونے کے بعد یووراج سنگھ اور سریش رائنا نے چھٹی وکٹ کی میچ وننگ پارٹنر شپ میں ٹیم کے مجموعی اسکور میں 74 رنز کا اضافہ کرکے بھارت کو فتح سے ہم کنار کیا۔

یووراج سنگھ نے 65 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ ایک روزہ عالمی میچوں میں یہ ان کی 49 ویں ہاف سینچری تھی۔ رائنا نے 28 گیندوں پر 34 رنز اسکور کیے۔

بھارتی ٹیم 30 مارچ کو موہالی کے ہوم گرائونڈ پر کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں روایتی حریف پاکستان کے مدمقابل ہو گی۔

دسویں عالمی کپ میں آسٹریلیا کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔ گزشتہ ہفتے پاکستان کے ہاتھوں گروپ "اے" کے آخری میچ میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جب کہ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم کرکٹ کے عالمی کپ مقابلوں میں مسلسل 34 میچوں میں ناقابل تسخیر رہی تھی۔

XS
SM
MD
LG