آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ، ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا سب سے اہم اور مقبول مقابلہ ہے جس کا انعقاد ہر چار سال بعد ہوتا ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کو کھیلوں کی دنیا کا چوتھا سب سے بڑا اور زیادہ دیکھا جانے والا مقابلہ قرار دیا جاتا ہے۔
کرکٹ کے پہلے عالمی کپ کا انعقاد 1975 میں انگلینڈ میں ہوا تھا جس میں کل آٹھ ٹیمیں شریک تھیں۔ اب سے چند دن بعد شروع ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کرکٹ کی تاریخ کا دسواں ورلڈ کپ ہے جس میں ریکارڈ 14 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
عالمی کپ 2011، 19 فروری سے 2 اپریل تک، یعنی کل 43 دن جاری رہے گا اور اس دوران کل 49 میچز کھیلے جائینگے۔ اس بار کرکٹ کے اس عالمی مقابلے کی میزبانی بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
میزبانوں کی فہرست میں پہلے پاکستان بھی شامل تھا تاہم بعد ازاں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کو میزبانی کے حق سے محروم کرتے ہوئے اس کے حصے کے ایک سیمی فائنل سمیت 14 میچز باقی تین میزبان ممالک میں تقسیم کردیے تھے۔ پاکستان کے حصے کے آٹھ میچز اب بھارت، چار سری لنکا جبکہ دو بنگلہ دیش میں ہونگے۔