پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اوول میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں کھانے کے وقفے تک 70رنز بنائے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
پاکستا ن کی طرف سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے وہاب الریاض نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد آصف اور محمد عامر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کھیلے جانے والے دونوں ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کو بری طرح شکست ہوئی تھی اور چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو۔صفر سے برتری حاصل ہے۔
رواں سال مارچ میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے پاکستانی بلے باز محمد یوسف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم میں کی جانے والی تبدیلیوں میں یاسر حمید ،کامران اکمل اور وہاب الریاض شامل ہیں۔ عمر گل اور ذوالقرنین حیدر زخمی ہونے کی وجہ سے اس میچ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کررہے۔