دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپنرز محمد حفیظ اور اویس ضیاء نے اننگز کا آغاز کیا۔ ضیاء تیسرے اوور میں 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 32 رنز تھا۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 65 کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق کی گری جو نویں اوور کے آغاز پر 19 رن بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔دو گیندوں بعد محمد حفیظ بھی کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 23 رنز بنائے۔
گیارہویں اوور میں 73 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو دو وکٹوں سے اس وقت محروم ہونا پڑا جب سابق کپتان شاہد آفریدی صرف 7 رن اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور سابق کپتان شعیب ملک نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور آخری وقت تک وکٹ پر ٹہر کر میچ پر پاکستان کی گرفت مستحکم بنائی۔
شعیب ملک آخری اوور کی آخری گیند پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹاپ اسکورر رہے ۔ کپتان مصباح نے 26 ر ن بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے گریم سوان نے 3 جب کہ اسٹیون فن اور جیڈ ڈرن بیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
تین میچوں کی سیریز کے اس پہلے میچ کے لیے پاکستان نے آل رائونڈر اویس ضیاءاور حماد اعظم کو ٹیم میں شامل کیا ہے جو پہلی بار کسی ٹی20 میچ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انگلینڈ نے السٹر کک کی جگہ کریگ کیو سویٹر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔