رسائی کے لنکس

آئرلینڈ اپنا پہلا ٹیسٹ پاکستان کے خلاف کھیلے گا


آئرلینڈ کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ۔ فائل فوٹو
آئرلینڈ کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ۔ فائل فوٹو

آئر لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگذیکٹو نے کہا کہ وہ یہ ٹیسٹ کھیلنے کیلئے رضامند ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلوص دل سے شکر گزار ہیں۔

آئر لینڈ ٹیسٹ کرکٹ کا درجہ حاصل کرنے کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ آئندہ برس مئی میں پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔

اس سلسلے میں نیوزی لینڈ کے شہر اوکلینڈ میں جاری آئی سی سی کے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور آئرلینڈ کے کرکٹ بورڈز میں سمجھوتہ طے پا گیا۔

آئر لینڈ کو گزشتہ دنوں افغانستان کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کا درجہ دے دیا گیا تھا۔

آئر لینڈ کے کرکٹ بورڈ کے چیف ایگذیکٹو وارن ڈیوٹروم نے کہا ہے کہ وہ اپنے افتتاحی ٹیسٹ میچ کیلئے اگلے برس پاکستان کو آئرلینڈ میں خوش آمدید کہنے کا بے چینی سے انتظار کریں گے۔

اُن کے مطابق اُن کی یہ خواہش تھی کہ آئر لینڈ ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کے بعد ایک سال کے اندر اپنا پہلا ٹیسٹ اپنے ہی ملک میں ایک بڑی ٹیم کے خلاف کھیلے۔ لہذا ہمیں اس کی بڑی خوشی ہے۔

پاکستانی ٹیم کا آئرلینڈ کا یہ دورہ انگلستان کے خلاف دو ٹیسٹ کی مجوزہ سیریز سے پہلے ہو گا جو مئی کے آخر میں منعقد ہو رہی ہے۔

آئر لینڈ کے خلاف اس ٹیسٹ کیلئے تاریخ اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ڈیوٹروم کا کہنا تھا کہ اس پہلے ٹیسٹ کو یادگار بنانے کیلئے بہت کچھ کرنا ہو گا اور اس کیلئے آئرلینڈ کے کرکٹرز اور شائقین بے چینی سے انتظار کریں گے۔

آئر لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگذیکٹو نے کہا کہ وہ یہ ٹیسٹ کھیلنے کیلئے رضامند ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلوص دل سے شکر گزار ہیں۔

آئرلینڈ اور افغانستان سے پہلے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے والی ٹیم بنگلہ دیش تھی جس نے اپنا پہلا ٹیسٹ 2000 میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔

آئر لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ اعلیٰ ترین درجے کی کرکٹ ہے اور ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کیلئے اس کی بہت اہمیت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اُن کے ملک کی مختصر سی تاریخ میں کھیلوں کا ناقابل یقین سفر طے کرنے کے سلسلے میں یہ پہلا ٹیسٹ اہم قدم ہو گا۔

XS
SM
MD
LG