رسائی کے لنکس

پہلا ٹیسٹ: پاکستانی کی نصف ٹیم 118 رنز پر آؤٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سینیئر اور تجربہ کار بلے باز یونس خان نے کچھ دیر سری لنکن باؤلرں کے سامنے مزاحمت کی لیکن وہ صرف تین رنز کے فرق سے نصف سینچری اسکور نہ کر سکے پریرا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں مشکلات سے دوچار ہے اور اپنی پہلی اننگز میں صرف 118 رنز کے عوض پانچ وکٹیں گنوا چکی ہے۔

گال میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے دن میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے بعد اس کے باؤلروں نے مہمان بلے بازوں کو مشکل میں ڈال دیا۔

ابتدائی بلے باز محمد حفیظ دو جب کہ احمد شہزاد صرف نو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اظہر علی بھی صرف آٹھ رنز بنا سکے۔

سینیئر اور تجربہ کار بلے باز یونس خان نے کچھ دیر سری لنکن باؤلرں کے سامنے مزاحمت کی لیکن وہ صرف تین رنز کے فرق سے نصف سینچری اسکور نہ کر سکے پریرا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

کپتان مصباح ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو اسد شفیق 14 اور سرفراز احمد 15 کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے۔

اس سے قبل تیسرے دن سری لنکا نے اپنی اننگز 178 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ لیکن سلوا کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی باؤلروں کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ انھوں نے 125 رنز بنا کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری اور پاکستان کے خلاف پہلی سینچری مکمل کی۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر نے تین، تین جب کہ محمد حفیظ اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG