ابوظہبی میں سری لنکا کے خلاف جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے کھیل کے دوسرے دن ایک وکٹ کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ توفیق عمر ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 109 جبکہ اظہر علی 60 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
بدھ کو پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کے اسکور بغیر کسی نقصان کے 27 رنز سے کھیل دوبارہ شروع کیا۔ کھانے کے وقفے تک ابتدائی بلے باز محمد حفیظ اور توفیق عمر پراعتماد طریقے سے کھیلتے رہے ہیں۔ لیکن وقفے کے کچھ دیر بعد ہی محمد حفیظ 75 کے انفرادی اسکور پر ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
منگل کو میچ کے پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ سری لنکا کی پوری ٹیم پہلے ہی روز 197 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میتھیوز 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کی طرف سے جنید خان نے پانچ، سعید اجمل اور عمر گل نے دو، دو اور اعزاز چیمہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی طرف سے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور سابق کپتان شعیب ملک اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
دائیں ہاتھ سے تیز گیند کرانے والے باؤلر نووان پرادیپ سری لنکا کی طرف سے اپنے کیرئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی پاک، سری لنکا کرکٹ سیریز میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔