ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔
ہفتہ کو میچ کے آخری روز سری لنکا کی ٹیم 483 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی جس میں کمار سنگاکارا نے 211 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جے وردنے دوسرے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 120 رنز سکور کیے۔
پاکستانی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیےاکیس اوورز میں 170 رنز کا ہدف ملا تاہم وہ دس اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 21 رنزبنا سکی جس کے بعد میچ ختم کردیا گیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکن ٹیم صرف197 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستان نے توفیق عمر کی ڈبل سنچری کی بدولت 511 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ توفیق عمرنے 236 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے عمر گل اور جنید خان نے مجموعی طور پر چھ، چھ وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانے والی اس سیریز میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 26 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔