نیوزی کے دورے کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے اور عماد وسیم گھٹنے کی تکلیف کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم 6 جنوری سے نیوزی لینڈ کا دورہ شروع کر رہی ہے ۔ محمد عامر اور اظہر علی دوبارہ فٹ ہو کر ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی گزشتہ اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے زخمی گئے تھے۔ان کے علاوہ عثمان خان بھی کمر کی تکلیف اور جنید خان پیر میں چوٹ کے باعث ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ اظہر علی کے ٹیم میں واپس آنے کے بعد احمد شہزاد بھی ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔
عماد وسیم کے ان فٹ ہونے کے بعد محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو بائیں بازو سے سپن بالنگ کرنے کے علاوہ بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں جبکہ سیم بالنگ آل راؤنڈر عامر یامین بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ عامر یامین نے نومبر 2015 کے بعد سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے۔
کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے جانے کے بعد آج ہفتے کے روز چیف سلیکٹر انظمام الحق نے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں مندرجہ ذیل کھلاڑی شامل ہیں:
سرفراز احمد (کپتان اور وکٹ کیپر)، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، ھارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رومان رئیس۔
محمد حفیظ پر حال ہی میں تیسری بار بالنگ پر پابندی لگائی گئی تھی۔ تاہم انظمام الحق کا کہنا ہے کہ حفیظ ایک اچھے بیٹسمین ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ اُن کے بالنگ ایکشن کو درست کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ٹیم کے اعلان پر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب فٹنس پر کیا گیا ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ انہیں منتخب کی گئی ٹیم پر پورا اعتماد ہے اور امید ہے کہ تمام لڑکے اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں آئندہ سال چھ جنوری سے انیس جنوری تک پانچ ایک روزہ میچز اور پھر بائیس جنوری سے اٹھائیس جنوری تک ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
چیف سلیکٹر انظام الحق نے ٹیم کے انتخاب کے بارے میں وائس آف امریکہ کے ضیاالرحمٰن سے گفتگو کی۔ آئیے دیکھتے ہیں: