پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کردی ہے کہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے دورہ آئرلینڈ کیلیے قومی ٹیم میں شمولیت سے معذرت کرلی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آفریدی نے اپنے والد کی ناسازی طبع کے باعث آئرلینڈ جانے والی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل نہ ہونے کے فیصلے سے بورڈ کو آگاہ کردیا ہے۔
شاہد آفریدی ان دنوں امریکی شہر ہیوسٹن میں ہیں جہاں ان کے والد زیرِ علاج ہیں۔
پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "بورڈ آفریدی کی پوزیشن سمجھ سکتا ہے اور ان کے والد کی جلد صحت یابی کیلیے دعاگو ہے"۔ بیان کے مطابق بورڈ نے دورہ آئرلینڈ کیلیے آفریدی کی جگہ کسی کھلاڑی کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز سے واپسی پر آئرلینڈ کا مختصر دورہ کرے گی جس کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین 28 اور 30 مئی کو دو ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائیگی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے دورہ آئرلینڈ کیلیے ون ڈے ٹیم کی کپتانی آفریدی سے لے کر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو سونپنے کا اعلان کیا تھا جبکہ آفریدی کو ایک عام کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل رکھا گیا تھا۔ بورڈ کی جانب سے اس اچانک فیصلہ کا کوئی سبب بیان نہیں کیا گیا تھا۔
پی سی بی کے اس فیصلے کو کرکٹ کے حلقوں اور سابق پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا کیونکہ شاہد آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم نہ صرف 2011ء کے عالمی کرکٹ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی بلکہ گرین شرٹس نے حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم پر 2-3 سے فتح بھی حاصل کی تھی۔
تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران شاہد آفریدی اور کوچ وقار یونس کے درمیان ٹیم سلیکشن کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے تھے۔ دورہ کے بعد وطن واپس پہنچنے پر آفریدی نے کسی کا نام لیے بغیر ٹیم میں اختلافات کی موجودگی کا اعتراف کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس حوالے سے پی سی بی کے چیئرمین سے بات کرینگے۔
تاہم پی سی بی نے آفریدی کے اس بیان کو خلافِ ضابطہ قرار دیتے ہوئے ان سے اسکی وضاحت مانگ لی تھی۔ بورڈ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید کاروائی دورہ کے اختتام پر سامنے آنے والی ٹیم منیجر کی رپورٹ کی روشنی میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ میں گزشتہ ہفتے سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ سابق کپتان اپنے والد کی بیماری کے باعث دورہ آئرلینڈ سے انکار کرسکتے ہیں۔ تاہم کئی حلقوں کا خیال ہے کہ آفریدی نے دورہ آئرلینڈ میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ پی سی بی کی جانب سے انہیں کپتانی سے ہٹائے جانے کے خلاف بطورِ احتجاج کیا ہے۔