پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کینیڈا کے ساتھ جمعرات کو ہونے والے میچ میں اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ ایک آسان حریف سمجھ کر میچ نہ کھیلیں۔
کولمبو میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا”سری لنکا کے خلاف بہت اچھی فتح حاصل کرنے کے بعد ہمیں ہر میچ کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، خاص طور پر ایسی ٹیم کو جسے ہم نہیں جانتے“۔
گروپ اے میں پاکستان نے اپنے پہلے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کررکھی ہے۔ کینیا کے خلاف 205اور سری لنکا کے خلاف 11رنز سے برتری حاصل کی تھی۔ شاہد آفریدی اس وقت تک رواں عالمی کپ میں نو وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔
پاکستانی اسپنر عبدالرحمن زخمی ہونے کی وجہ سے کینیڈ اکے خلاف ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے اور بظاہر ان کی جگہ سعید اجمل کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ بلے باز مصباح الحق بھی پٹھہ کھنچ جانے کے باعث آرام کررہے ہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اس میچ کے لیے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں ”لیکن ہم ایسا کومبینیشن رکھنا چاہتے ہیں جس میں فاسٹ باؤلر کو بھی چانس ملے“۔
کینیڈا کے کپتان اشیش بگائی کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ دو میچوں میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے بہت مایوس ہوئے ہیں اور اب ان کی ٹیم کو اپنی کمزوریوں پر لازمی توجہ دینا ہوگی۔