رسائی کے لنکس

دلشان دورہ انگلینڈ کیلیے سری لنکن ٹیم کے کپتان مقرر


دلشان دورہ انگلینڈ کیلیے سری لنکن ٹیم کے کپتان مقرر
دلشان دورہ انگلینڈ کیلیے سری لنکن ٹیم کے کپتان مقرر

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تلکا رتنے دلشان کو آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے دورہ انگلینڈ کیلیے سری لنکن ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

دلشان سابق کپتان کمار سنگاکارا کی جگہ سنبھالیں گے جنہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے فائنل میں بھارت سے شکست کھانے کے بعد سری لنکن ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

سری لنکا کرکٹ کی جانب سے پیر کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سلیکٹرز نے دلشان کو آئندہ ماہ ہونے والے دورہ انگلینڈ کے دوران طے شدہ تینوں کرکٹ فارمیٹس کے میچز کیلیے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

واضح رہے کہ 10 مئی سے شروع ہونے والے دورہ انگلینڈ کے دوران سری لنکن ٹیم تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی20 میچ کھیلے گی۔

سری لنکن ٹیم میں ابتدائی بلے باز کی حیثیت سے کھیلنے والے دلشان اس سے قبل گزشتہ سال جون میں ہونے والے دورہ زمبابوے کے دوران سری لنکن ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ دورہ کے دوران کھیلی گئی بھارت، زمبابوے اور سری لنکا پر مشتمل تین ملکی ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دلشان کی زیرِ قیادت سری لنکن ٹیم نے فتح حاصل کی تھی۔

34 سالہ دلشان نے سری لنکا کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور عالمی ایونٹ کے کل 9 میچز میں 50ء62 کی اوسط سے 500 رنز بنا ئے تھے۔

سری لنکا کرکٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دورہ انگلینڈ کیلیے سری لنکن ٹیم کا اعلان دلشان کی بھارت سے واپسی پر کیا جائے گا جہاں وہ 'رائنل چیلنجرز بنگلور' کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں۔

سری لنکا کے کرکٹ حکام کی جانب سے آئی پی ایل کھیلنے والے تمام قومی کھلاڑیوں کو 5 مئی تک وطن واپسی کی ہدایت پہلی ہی جاری کی جاچکی ہے تاکہ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کی تیاری کی جاسکے۔

XS
SM
MD
LG