انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کرکٹ 2019 کے لئے انعامی رقوم کا اعلان کردیا میگا ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
ورلڈ کپ کا فائنل 14جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا۔ فائنل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 40 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی جو ورلڈ کپ کی اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
30 مئی سے انگلینڈ کے 11 میدانوں میں کھیلے جانے والے 46 روزہ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ ڈالر ہے۔ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالر جبکہ سیمی فائنلز ہارنے والی ٹیموں میں سے ہر ایک کو 8، 8 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔
راؤنڈ رابن لیگ فارمیٹ کے تحت کھیلے جانے والے ایونٹ میں لیگ اسٹیجز کے ہر میچ کی فاتح ٹیم 40 ہزار ڈالر انعام کی حق دار ہوگی۔
ورلڈ کپ کا آغاز 30مئی کو اوول میں میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ سے ہوگا۔
پاکستان کا پہلا میچ اگلے روز ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہوگا جبکہ پاکستان روایتی حریف بھارت کے ساتھ 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں مدمقابل ہوگا۔
سیمی فائنل 9 اور 11 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فیصلہ کن میچ 14 جولائی کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ لندن میں ہوگا۔