پاکستان کے بلے باز یونس خان نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا میچ ان کے کریئر کا آخری ون ڈے میچ ہو گا۔
ایک بیان میں یونس خان کا کہنا تھا کہ "اپنے خاندان، اہلیہ اور قریبی دوستوں سے صلاح و مشورے کے بعد میں نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔"
37 سالہ یونس خان نے اپنے 16 سالہ کریئر میں 264 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 7240 رنز بنا رکھے ہیں جس میں سات سینچریاں اور 48 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
حالیہ برسوں میں 50 اوورز کی کرکٹ میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی اور خاص طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور 2015ء کے عالمی کپ میں ان کی ناقص کارکردگی پر انھیں ون ڈے میچوں کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا جاتا رہا۔
گزشتہ سال سالوں میں ایک روزہ میچوں میں انھوں نے صرف دو سینچریاں اسکور کی ہیں۔
اس پر یونس خان اکثر کرکٹ انتظامیہ کو سخت سست بھی سناتے رہے۔ لیکن ٹیسٹ میچوں خصوصاً انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں ان کی کارکردگی کے باعث انھیں دوبارہ ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
یونس خان ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے 104 میچوں میں 9116 رنز بنا رکھے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بدھ کو ابوظہبی میں کھیلا جا رہا ہے اور پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ "یونس خان ایک لیجنڈ ہیں لہذا ہمیں امید ہے کہ اس میچ میں اچھا حصہ ڈالیں گے اور ہمیں فتح دلوائیں گے۔"