کیوبا نے ملک کے سابق صدر فیدل کاسترو کی گزشتہ سال اگست کے بعد پہلی مرتبہ تازہ تصاویر شائع کی ہیں۔ یہ تصاویر ایسے وقت شائع کی گئیں جب فیدل کاسترو کی صحت کی خرابی سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
یہ تصاویر پیر کو کمیونسٹ پارٹی کے اخبار ’گرناما‘ میں شائع کی گئیں جن میں 88 سالہ فیدل کاسترو کو اپنے گھر میں ایک طالب علم رہنما سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
اخبار کے مطابق یہ تصاویر گزشتہ ماہ لی گئیں۔ فیدل کاسترو سے ملاقات کرنے والے برازیلی طالب علم رہنما نے کہا کہ مسٹر کاسترو کمزور لیکن ان کی صحت اچھی تھی۔
فیدل کاسترو نے اپنی خرابی صحت کے باعث 2006ء میں اقتدار اپنے چھوٹے بھائی راؤل کاسترو کو سونپ دیا تھا۔ حالیہ برسوں میں وہ بہت ہی کم عوامی تقاریب میں نظر آئے اور آخری مرتبہ اُنھوں نے تقریباً ایک سال قبل ایک تقریب میں شرکت کی۔
فیدل کاسترو نے اپنی طویل خاموشی اُس وقت توڑی جب گزشتہ ماہ اُن کے بھائی راؤل کاسترو اور امریکہ کے صدر براک اوباما نے پچاس سالہ سرد جنگ کو ختم کر کے سفارتی تعلقات بحال کرنے سے متعلق تاریخی اعلان کیا۔
فیدل کاسترو نے کہا کہ اُنھوں نے حالیہ سفارتی پیش رفت کی مخالفت نہیں کی ہے۔