سری لنکا کے دلشان اور تھرنگا نے جمعرات کو کینڈی میں گروپ اے کے ایک میچ میں زمبابوے کے خلاف پہلی وکٹ کی شراکت میں 282 رنز بنا کر عالمی کپ کانیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
پاکستان کے سعید انور اور وجاہت اللہ واسطی نے 1999 ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں پہلی وکٹ کی شراکت میں194 رنز بنائے تھے لیکن اب یہ اعزاز سری لنکا کو حاصل ہوگیا ہے جو دسویں عالمی کپ کی بھارت اوربنگلادیش کے ساتھ مشترکہ میزبانی بھی کررہا ہے۔
زمبابوے کے خلا ف پالے کیلی میں جمعرات کو زمبابوے نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں 327 رنز بنائے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ دلشان نے 144 اور تھرنگا نے 133 رنز بنائے۔
زمبابوے کی طرف سے مپوفو نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کو جیت کر دسویں عالمی کرکٹ کپ کا شریک میزبان ملک سری لنکا کوارٹر فائنل کے ناک آؤٹ مرحلے میں یقینی طور پر اپنی جگہ بنا سکتا ہے۔
پاکستان سے میچ ہارنے اور آسٹریلیا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد ٹورنامنٹ میں سری لنکا ایک مشکل صورت حال سے دوچار ہے۔
چار میچوں میں پانچ پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کی کوشش ہو گی کہ وہ زمبابوے کے خلاف میچ واضح برتر ی سے جیتے کیونکہ اُس کا اگلامیچ 18 مارچ کو ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہے جس کے حوصلے پاکستان کی 110 رنز سے شکست دینے کے بعد بلند ہوچکے ہیں۔