اومان میں عہدے داروں نے بتایا ہے کہ فیٹ نامی سمندری طوفان کے باعث کم از کم 15افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جس نے بعد میں پاکستان کے شمال مشرقی ساحلِ سمندر کی طرف پلٹا کھایا۔
اومان کے سرکاری ٹیلی ویژن نے ہفتے کو خبر دی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک پاکستانی اور ایک بنگلہ دیشی شامل ہے۔
کم طاقت کا سمندری طوفان جمعے کو تیل سے مالا مال اِس ملک کے ساحل سے ٹکرایا جِس کے نتیجے میں تیز بارشیں، طغیانی اور تیز رفتار جھکڑ چلے۔
پیش گوئی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ فیٹ، جسے اب منطقہٴ حارّہ کے طوفان کا نام دیا گیا ہے، اتوار کی علی الصبح کراچی کے ساحل سے ٹکرائے گا۔
پاکستانی اہل کاروں کے مطابق، اُنھوں نے اب تک ساحلی علاقوں کے لاکھوں خطرے میں گھِرے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف پہنچا دیا ہے، اور مزید لوگوں کے انخلا کا کام جاری ہے ۔