رسائی کے لنکس

سال 2018 میں ہونے والی اہم شادیاں


بالی وڈ اسٹار رنویر سنگھ اور دپیکا پڈکون (فائل فوٹو)
بالی وڈ اسٹار رنویر سنگھ اور دپیکا پڈکون (فائل فوٹو)

بالی ووڈ، ہالی ووڈ اور بھارتی و پاکستانی فلمی شخصیات کے علاوہ بھی اس سال کئی اہم ترین شخصیات کی شادیاں خبروں کی شہ سرخیوں میں رہیں۔

سال 2018 میگا ہٹ فلموں سے زیادہ میگا اسٹارز کی شادیوں کے حوالے سے یاد رہے گا۔ نہ صرف نئے نویلے جوڑے بلکہ ان کے چاہنے والے بھی عرصے تک ان شادیوں کو یاد رکھیں گے۔ وجہ؟ ۔۔۔ ان کا انوکھا اور منفرد انداز اور کروڑوں روپوں کے اخراجات۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے پچھلے سال جس شان دار ’شادی سیزن‘ کا آغاز کیا تھا، اس کا کلائمکس رنویر سنگھ اور دپیکا کی شادی کو کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے علاوہ کون کون سے سپر اسٹارز کی شادیوں کے چرچے میڈیا پر چھائے رہے، اس کی تفصیل کچھ یوں ہے:

رنویرسنگھ اور دپیکا پڈکون
بالی وڈ کے ’باجی راؤ‘ اور ’مستانی‘ آن اسکرین کے بعد حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کے جیون ساتھی بن گئے۔ اٹلی کے خوبصورت اور رومینٹک مقام لیک کومو میں 14 نومبرکو ان کی شادی دھوم دھام سے انجام پائی جس میں دپیکا اور رنویر کے قریبی لوگوں نے شرکت کی لیکن ممبئی واپسی پربالی وڈ کی اس ہٹ جوڑی نے ایک نہیں تین، تین ریسپشن دے کر شادی میں شریک نہ ہونے والوں کے گلے شکوے دور کردیے۔

پریانکا چوپڑہ اور نک جونس
دیسی گرل آف بالی وڈ پریانکا چوپڑہ اورامریکی سنگر نک جونس کی شادی بھی 2018 کی مقبول شادی رہی۔ یہ شادی جودھپور میں 2 دسمبر کو شاہانہ انداز میں ’امید بھون‘ میں انجام پائی۔ شادی کی رسومات ہندو اور عیسائی طریقے سے ادا کی گئیں۔ نک جونس اور ان کی فیملی نے دیسی گرل کی شادی میں روایتی دیسی انداز سے ہی شرکت کرکے خوب داد سمیٹی۔

سونم کپور اور آنند آہوجا
سونم کپور صرف ویٹرن ایکٹر انیل کپور کی بیٹی ہی نہیں بلکہ خود بھی اداکارہ اور فیشن آئیکون کے طور پر اپنی ایک علیحدہ شناخت رکھتی ہیں۔ سونم کپور 8 مئی کو اپنے دیرینہ دوست آنند آہوجا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں۔ سونم اور آنند کی شادی سکھ رسومات کے مطابق ہوئی۔

نیہا دھوپیا اور انگد بیدی
اداکارہ نیہا دھوپیا اورانگد بیدی کی شادی 10 مئی کو ہوئی۔ نیہا دھوپیا نے اپنے چاہنے والوں کو انسٹاگرام پر شادی کی خبر دیتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا سب سے بہترین فیصلہ قرار دیا۔

کپل شرما اور اگنی چتھرا
بھارت کے سب سے مقبول کامیڈین کپل شرما پچھلے کافی عرصے سے کیریئر کے مشکل دور سے گزر رہے تھے۔ 2018ء کا دسمبر بالآخر ان کے لیے بھی خوشی کی خبر لے ہی آیا۔ کپل شرما نے اپنی دوست اگنی چتھرا سے روایتی پنجابی انداز میں بیاہ رچا لیا۔ کپل شرما کے فینز اور خیر خواہوں نے کپل کی شادی پر خوشی کا اظہار کیا۔

ان بالی وڈ ایکٹرز کے علاوہ بھی جو جوڑے شادی کے بندھن میں بندھے ان میں ہمیش ریشمیا، سونیا کپور، سمیت ویاس اور ایکتا کول شامل ہیں۔

پاکستانی فنکار بھی پیچھے نہیں رہے
اسٹار ز کی شادیوں کا ذکر ہو اور پاکستانی فنکار پیچھے رہ جائیں، یہ بھلا کس طرح ممکن ہے۔۔۔ 2018ء کئی پاکستانی فنکار بھی شادیوں کی ریس میں بھارتی فنکاروں کے ہم پلہ رہے۔ ان فن کاروں میں عائشہ خان، منیب بٹ اور ایمن خان، سارا رضی خان، علیزے طاہر، اسد محمود اور سارا شہزاد، عمران اشرف اور فیروز خان شامل ہیں۔

بالی ووڈ، ہالی ووڈ اور بھارتی و پاکستانی فلمی شخصیات کے علاوہ بھی اس سال کئی اہم ترین شخصیات کی شادیاں خبروں کی شہ سرخیوں میں رہیں۔

ایشا امبانی اور آنند پرامل کی شادی
یہ دنیا کی دوسری مہنگی شادی قرار دی گئی۔ دنیا کے امیر ترین افراد کی لسٹ میں شامل بھارتی تاجر اور صنعت کار مکیش امبانی کی لاڈلی بیٹی ایشا امبانی اور آنند پرامل کی شادی ممبئی میں 12 دسمبر کو ہوئی۔

اس شادی میں نہ صرف بالی وڈ بلکہ دنیا بھر کی مشہور ترین شخصیات نے شرکت کی جن میں امریکہ کی سابق وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن اور جان کیری بھی شامل تھے۔

امیتابھ بچن ود فیملی سے لے کر شاہ رخ خان ود فیملی تک بالی وڈ کا کوئی ایسا اسٹار نہیں تھا جو اس شادی کی ہر تقریب میں شریک نہ ہوا ہو۔ ایشوریا رائے سمیت کئی بالی وڈ اسٹارز نے شادی کی تقریبات میں پرفارمنس دے کر ان کا مزہ دوبالا کیا۔

میگن مارکل اور پرنس ہیری
مہنگی اور بڑی شادیوں کی بات کریں تو ان میں برطانوی شہزادے پرنس ہیری کی ماڈل میگن مارکل سے شادی بھی شامل ہے جو 19 مئی کو انجام پائی۔ دونوں کی یہ پسند کی شادی تھی اور چوں کہ یہ برطانوی شاہی خاندان کی شادی تھی لہذا لہذا یہ تصور کیا جاسکتا ہے کہ شادی کس شاہانہ روایتی انداز میں ہوئی ہوگی۔

عمران خان اور بشریٰ مانیکا
میگا شادیوں میں ایک اور شادی کا ذکر ہم بھول نہ جائیں۔ اس لیے بلا تمہید بتائے دیتے ہیں کہ یہ شادی پاکستان کے موجودہ وزیرِ اعظم عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی تھی۔ شادی کی درست تاریخ کے بارے میں مختلف دعوے گردش میں ہیں لیکن یہ واضح ہے کہ یہ شادی اس سال جنوری اور فروری کے درمیان کسی وقت انجام پائی۔

عمران خان کی یہ تیسری شادی تھی جس کے چند ماہ بعد ہی وہ پاکستان کے وزیرِ اعظم بن گئے اور بشریٰ مانیکا خاتونِ اول قرار پائیں۔ یہ وہ اعزاز ہے جو عمران خان کی دو سابق بیگمات جمائما خان اور ریحام خان کے حصے میں نہیں آسکا تھا۔

XS
SM
MD
LG