رسائی کے لنکس

’دلی ریپ‘: منموہن سنگھ کی عوام سے پرامن رہنے کی اپیل


نئی دہلی مظاہرہ
نئی دہلی مظاہرہ

وزیراعظم منموہن سنگھ نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

بھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے ایک نوجوان لڑکی سے اجتماعی جنسی زیادتی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شدت کے بعد پیر کو عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔

ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ ’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ملک میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘‘

گزشتہ ہفتہ بھارت کے دارالحکومت میں ایک چلتی ہوئی بس میں 23 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی آبروریزی کی گئی تھی جس کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور حالیوں دنوں میں ان میں شدت آئی ہے۔

بھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ
بھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ
​اجتماعی آبروریزی کے اس واقعہ کے بعد اتوار کو حقوق نسواں کے حامی کارکنوں کی طرف سے دارالحکومت نئی دہلی کے ’انڈیا گیٹ‘ پر کیا جانے والا مظاہرہ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی صورت اختیار کر گیا۔

مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔

ہفتہ کے روز بھی مظاہرین نے ایوان صدر کی جانب جانے کی کوشش کی تھی لیکن جب اُنھیں روکنے کی کوشش کی تو مظاہرین اور پولیس میں تصادم بھی ہوا جس کے بعد اتوار کو بھی احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

بھارت میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے قانون سازوں نے بھی اس واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے باہر مظاہرہ کیا اور خواتین پر مجرمانہ حملہ کرنے والوں کو موت کی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

اجتماعی آبروریزی کے مبینہ واقعے میں ملوث چھ افراد نے مزاحمت پر لڑکی کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور پھر اجتماعی زیادتی کے بعد طالبہ کو چلتی بس سے نیچے پھینک دیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ لڑکی کی حالت تشویش ناک ہے اور اسے شدید اندورنی چوٹیں لگی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس مقدمے میں چار افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، جن میں بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے، اور اُن کےخلاف قانونی چارہ جوئی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
XS
SM
MD
LG