رسائی کے لنکس

رمضان کا خصوصی ڈرامہ ’دیکھو چاند آیا‘


’دیکھو چاند آیا‘ کے پروڈیوسر اور اداکاری کے حوالے سے اپنی ایک علیحدہ پہچان رکھنے والے اعجاز اسلم نے وی او اے کو بتایا ’دیکھو چاند آیا‘ میں آپ کو ہر روز،ہر نئی قسط میں کچھ نہ کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا، یہی اس کی انفرادیت ہے

رمضان کا آغاز اپنی روایتی گہما گہمی کے ساتھ ہوگیا۔ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی جہاں عام لوگوں کے معمولات زندگی بدلے وہیں ٹی وی چینلز کی نشریات نے بھی روپ بدل لیا، اب ٹی وی چینلز پر رمضان کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کئے جا رہے ہیں۔

انہی پروگراموں میں سے ایک ’دیکھو چاند آیا‘ ہے جو یکم رمضان سے روزانہ رات گیارہ بجے جیو ٹی وی سے ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔

’دیکھو چاند آیا‘ کی کہانی، کرداروں اور کاسٹ کو متعارف کرانے کے لئے کراچی میں باقاعدہ ایک تقریب رکھی گئی جس میں ڈرامے سے جڑا تقریباً ہر فرد شریک تھا۔

چینل انتظامیہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’دیکھو چاند آیا‘ کی کہانی رمضان کی مناسبت سے لکھی گئی ہے، جس میں ایثار اور اصولوں کی پاسداری کے رنگ نمایاں ہیں۔

’دیکھو چاند آیا‘ کے پروڈیوسر اور اداکاری کے حوالے سے اپنی ایک علیحدہ پہچان رکھنے والے اعجاز اسلم نے وی او اے کو بتایا ’دیکھو چاند آیا‘ میں آپ کو ہر روز، ہر نئی قسط میں کچھ نہ کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا، یہی اس کی انفرادیت ہے۔

اسے ڈائریکٹ کیا ہے نجف بلگرامی نے اور کاسٹ میں شامل ہیں ساجد حسن، سارہ خان، فواد جلال، عائشہ طور، نوید رضا، ندا ممتاز اور سمبل شاہد۔

XS
SM
MD
LG