کراچی ...’کچھ عشق تھا کچھ مجبوری‘ محبت کی ایک ایسی داستان ہے جو مدثر اور فریدہ نامی دو کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔ دونوں شادی کے بندھن میں بندھنا چاہتے ہیں۔ لیکن، گھر والوں کی ناچاقی انہیں ایسا نہیں کرنے دیتی۔ یوں، بالآخر دونوں کورٹ میرج کر لیتے ہیں۔
دونوں کی شادی زیادہ دیر چھپ نہیں پاتی اور راز سب پر عیاں ہو جاتا ہے۔ گھر والے فریدہ کو گھر سے نکال دیتے ہیں۔ لیکن، مدثر کی فیملی اسے قبول کرلیتی ہے۔
اس دوران دونوں کے ہاں دو بچے ہوجاتے ہیں اور مدثر اچھے مستقبل کی چاہ میں انگلینڈ چلاجاتا ہے۔ ادھر پیسوں کی چکاچوند میں فریدہ کی آنکھیں خیرہ ہوجاتی ہیں۔
انگلینڈ میں مقیم مدثر کے باس، حاجی صاحب اسے اپنی مطلقہ بیٹی منزہ سے نکاح کرنے پر زور ڈالتے ہیں؛ تو مدثر مجبوراً پاکستان واپس آجاتا ہے۔ مدثر فریدہ کو انگلینڈ میں درپیش تمام صورتحال سے آگاہ کرتا ہے۔ لیکن، سب کچھ جاننے کے باوجود وہ مدثر کو دوبارہ انگلینڈ جانے کی ضد پر اڑجاتی ہے اور۔۔۔۔
آگے کیا ہوتا ہے؟ کہاں کون کون سے اہم موڑ لیتی ہے؟۔۔۔ یہ جاننے کے لئے آپ کو ہم ٹی وی سے پیش کی جانے والے نئی ڈرامہ سیریل ’کچھ عشق تھا کچھ مجبوری‘ دیکھنا پڑے گی۔