رسائی کے لنکس

امریکہ داخلے سے انکار پر تارک وطن نے چیک پوسٹ پر اپنا گلا کاٹ ڈالا


ٹیکساس اور میکسیکو کی سرحدی گزرگاہ پر پولیس افسر خودکشی کے مقام کا معائنہ کر رہا ہے۔ 9 جنوری 2020
ٹیکساس اور میکسیکو کی سرحدی گزرگاہ پر پولیس افسر خودکشی کے مقام کا معائنہ کر رہا ہے۔ 9 جنوری 2020

میکسیکو کے ایک باشندے نے سرحد عبور کر کے امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہ ملنے پر دلبراشتہ ہو کر سرحد پر ہی اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کر لی۔

رائٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کے روز امریکی ریاست ٹیکساس اور میکسیکو کے درمیان بین الاقوامی سرحدی گزرگاہ پر پیش آیا۔

یہ سرحدی چیک پوسٹ میکسیکو کے شہر رینوسا اور ٹیکساس کے قصبے فر کے درمیان واقع ہے۔

عہدے داروں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بدھ کو شام پانچ بجے کے قریب میکسیکو کی طرف سے آنے والے ایک شخص نے امریکہ جانے کی کوشش کی، لیکن سرحدی حکام نے اسے اجازت نہیں دی۔ اس کے بعد اس شخص نے اپنی جیب سے چاقو نکال کر اپنی گردن پر پھیر دیا اور خون میں لت پت ہو کر سڑک پر گر گیا اور زیادہ خون بہہ جانے سے کچھ ہی دیر میں ہلاک ہو گیا۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ میں داخل ہو کر پناہ کے لیے درخواست دینا چاہتا تھا۔ لیکن سرحد عبور کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اس نے خودکشی کر لی۔

امریکی حکومت نے غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کنٹرول کرنے کے لیے سرحدوں پر نگرانی سخت کر دی ہے۔ زیادہ تر غیر قانونی تارکین وطن امریکہ اور میکسیکو کے درمیان واقع سرحد عبور کر تے ہیں۔

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران وسطی امریکی ممالک سے ہزاروں افراد پر مشتمل تارکین وطن کے قافلے میکسیکو کی سرحد کے راستے امریکہ داخل ہونے کی کوشش کر چکے ہیں، جنہیں روکنے کے لیے امریکہ نے اپنی سرحدوں کی نگرانی سخت کر دی تھی اور ٹرمپ انتظامیہ بین الاقوامی سرحد پر لگ بھگ 30 فٹ اونچی فولادی دیوار تعمیر کر رہی ہے۔

میکسیکو اور لاطینی امریکہ سے بڑی تعداد میں تارکین وطن کی آمد کی وجہ، وہاں پائی جانے والی غربت، بے روزگاری اور جرائم پیشہ لوگوں کے گینگ ہیں، جنہوں نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ گزشتہ دو سال کے عرصے میں میکسیکو میں قتل و غارت اور لوٹ مار کے واقعات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

خودکشی سے متعلق سیکیورٹی ذرائع کی ایک غیر واضح ویڈیو میں نیلے رنگ کی شرٹ میں ملبوس ایک شخص خون میں لت پت سڑک پر گرا ہوا نظر آ رہا ہے۔ عہدے داروں کا کہنا کہ اس کی عمر 30 سال کے لگ بھگ تھی۔

امریکی کسٹم حکام نے فوری طور پر کچھ کہنے سے انکار کر دیا ہے، جب کہ میکسیکو کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

خودکشی کا یہ واقعہ سرحدی چیک پوسٹ پر میکسیکو کی جانب رونما ہوا۔

XS
SM
MD
LG