رسائی کے لنکس

قزاقوں سے 16 یرغمالیوں کی رہائی


قزاقوں سے 16 یرغمالیوں کی رہائی
قزاقوں سے 16 یرغمالیوں کی رہائی

ڈنمارک کی بحریہ نے کہاہے کہ اس نےان 16 یرغمالیوں کر رہا کروا لیا ہے جنہیں صومالی قزاقوں نے پکڑ رکھا تھا۔ جبکہ دو یرغمالی بظاہر رہائی کے آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے۔

بحریہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے جنگی جہاز ابسالون نے پیر کے روز قزاقوں کے صومالی ساحل کی طرف فرار ہونے والے مرکزی جہاز کا راستہ روکا اور اس پر گولیاں چلائیں۔

بیان کے مطابق ابسالون پر سوار اہل کار قزاقوں کے جہاز پر چڑھنے میں کامیاب ہوگئے اور انہوں نے وہاں17 مشتبہ قزاقوں اور 18 یرغمالیوں کو دیکھا۔ جن میں سے دو یرغمالی شدید زخمی تھے جو طبی امداد مہیا کیے جانے کے باوجود جانبر نہ ہوسکے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ یرغمالی کیسے ہلاک ہوئے ۔ اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔

خلیج عدن اور بحرہ ہند کے شمالی علاقے سے گذرنے والے تجارتی بحری جہازوں پر حملے اور عملے کے افراد کو یرغمال بنانے کی کارروائیاں روکنے کے لیے صومالیہ کے ساحلی علاقوں کے قریب کئی ممالک کے جنگی جہاز گشت کررہے ہیں۔

صومالی قزاق حالیہ برسوں میں جہازوں کو پکڑ کر لاکھوں ڈالر تاوان وصول کرچکے ہیں۔

گذشتہ چھ ماہ کے دوران جہازوں کو یرغمال بنانے کے واقعات میں نمایاں طورپر کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ اس کی وجہ بنیادی طورپر وہ اقدامات ہیں جو تجارتی بحری جہازوں نے اپنی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے کیے ہیں۔ جن میں جہازوں پر مسلح محافظوں کی تعیناتی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG