رسائی کے لنکس

ڈیٹرائٹ کی موٹر گاڑیوں کی سالانہ نمائش


ڈیٹرائٹ کی موٹر گاڑیوں کی سالانہ نمائش
ڈیٹرائٹ کی موٹر گاڑیوں کی سالانہ نمائش

ان دنوں امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں 2012ء کی موٹرگاڑیوں کی سالانہ نمائش جاری ہے۔ جسے دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں۔ اس نمائش میں موٹرساز کمپنیوں نے اپنی ایسی گاڑیاں پیش کی ہیں جو اس سال وہ مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ماہرین کے نزدیک یہ نمائش آٹو کمپنیوں کو جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس سال نمائش میں رکھی جانے والی زیادہ تر گاڑیاں سائز میں چھوٹی ، قیمت میں کم اور ایندھن کے استعمال میں باکفائت ہیں۔ جس کی وجہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور امریکی کی کم ہوتی ہوئی قوت خرید ہے۔

کاریں بنانے والی امریکی کمپنی فورڈ کے سربراہ ایلن مولالے نے فورڈ فیوژن نام پیش کی جانے والی ایک گاڑی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی اس سال کے دوران 12 ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس کے علاوہ کمپنی ایشیااور بحرالکاہل خطے میں بھی تین ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

امریکہ کی آٹو انڈسٹری سے پچھلے دس سال کے عرصے میں کساد بازاری اور معاشی سست روی کے باعث بڑی تعداد میں ملازم نکالے گئے تھے مگر پچھلے سال یونائیٹڈ آٹو ورکرز یونین کے ساتھ ہونےوالے نئے معاہدوں کے بعد امریکہ کی تینوں بڑی آٹو کمپنیاں فورڈ، جنرل موٹرز اور کرائسلر زیادہ سے زیادہ ملازموں کو روز گار پر واپس لانا چاہتی ہیں۔

باب کنگ یونائیٹڈ آٹو ورکرز یونین کے صدر ہیں۔ان کا کہناہے کہ نئے معاہدوں کے تحت امریکہ میٕں آٹو انڈسٹری کے بند ہوجانے والی کئی فیکٹریاں دوبارہ چل پڑی ہیں۔انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں امریکی گاڑیوں کی برآمد دوبارہ شروع ہوجائے گی۔

اب بہت سی امریکی گاڑیاں بیرون ملک بھی فروخت ہونگی۔

امریکہ کی موجودہ معیشت اور سرکاری پالیسیوں کو سامنے رکھتے ہوے بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ حالات دوبارہ بگڑ سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف مشی گن میں اکنامکس کے پروفیسر بروس پیٹر کوسکی کا کہنا ہے کہ حالات میں بہتری کی توقع ابھی قبل از وقت ہے ۔

وہ کہتے ہیں کہ امریکیوں کے پاس اب اتنے پیسے نہیں جتنے 2000ء میں تھے۔ اس وقت آٹو انڈسٹری کی سالانہ سیل سب سے زیادہ تھی ۔ اب تو زیادہ تر امریکی بیروز گار ہیں یا پھر ان کی آمدنیاں کم ہوچکی ہیں۔

اسی وجہ سے مشی گن کے سالانہ آٹو شو میں جو گاڑیاں پیش کی جا رہی ہیں ، وہ پہلے کی نسبت زیادہ سستی، چھوٹی اور کم ایندھن پر چلتی ہیں۔ مشکل معاشی حالات کے باوجود گاڑیاں بنانے والے ادارے ایسے صارفین کو متوجہ کرنا چاہتے ہیں ، جو وسائل کے اندر رہتے ہوئے اپنے لیے نئی گاڑی خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG