رسائی کے لنکس

ٹویوٹا کا منافع چھ ارب ڈالر


ٹویوٹا کا منافع چھ ارب ڈالر
ٹویوٹا کا منافع چھ ارب ڈالر

دنیا کے سب سے بڑے کار ساز ادارے ٹویوٹا نے کہا ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے میں تکنیکی خرابیوں کے سبب اس کی لاکھوں موٹرگاڑیوں کی واپسی اور جاپانی ین کی قدر میں کمی کے باوجود اس کے منافع میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

جاپان میں ٹویوٹا کمپنی کے عہدے داروں نے کہاہے کہ گذشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں، اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں کمپنی کے منافع میں 39 فی صد کی کمی ہوئی، جس کی بڑی وجہ ین کی قدر میں اضافہ اور جاپانی حکومت کی جانب سے زرتلافی کے کئی پروگراموں کا خاتمہ تھا۔

تاہم کمپنی کا کہناہے کہ حالیہ نو ماہ کے دوران اس کا منافع تیزی سے بڑھا اور اسے مالی سال کے دوران چھ ارب ڈالر منافع کی توقع ہے جو اس سے قبل کے اندازے چارب ارب30 کروڑ ڈالر سے نمایا ں طور پر زیادہ ہے۔

کمپنی کا کہناہے کہ منافع میں اضافے کی وجہ ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ میں اس کی گاڑیوں کی فروخت میں بڑے پیمانے بڑھنا ہے جب کہ امریکہ میں، جہاں کوالٹی پر بہت توجہ دی جاتی ہے، اس کی فروخت نمایاں طورپر کم ہوئی ہے ۔

ٹویوٹا کمپنی نے 2008ء میں جنرل موٹرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑے موٹر ساز ادارے کی حیثیت حاصل کی تھی۔ جب کہ 2009ء کے آخر سے اپنی گاڑیوں کے کئی ماڈلوں میں موجود خرابیوں کے باعث اسے دنیا بھر میں ایک کروڑ 20 لاکھ گاڑیاں مرمت کے لیے واپس بلانا پڑی ہیں۔

جاپان میں ٹویوٹا کے سینیئر منیجنگ ڈائریکٹر تاکا ہیکو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کمپنی پر صارفین کا اعتماد آہستہ آہستہ بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔

XS
SM
MD
LG