امریکی خلائی شٹل ڈسکوری کے ذریعے زمین کے مدار کے گرد بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر مشن کے لیے موجود دو خلابازخلا میں دوسری بار چہل قدمی کررہے ہیں اور دو ہفتوں کے اس مشن پر وہ تین بار چہل قدمی کریں گے۔
خلا بازکلے ٹون اینڈریسن اور ماسٹریچو خلائی سٹیشن کو ٹھندک پہنچانے کے لیے امونیا ٹینک کو تبدیل کررہے ہیں۔
ڈسکوری کے اس عملے کے دیگر تجربات اور کاموں میں خلائی سٹیشن پر جاپانی تجربہ گاہ کو بحال کرکے وہاں گایروسکوپ کو تبدیل کرنابھی شامل ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا نے اس سے قبل خلائی شٹل کے حرارتی شیلڈ کی معمول کی جانچ پڑتال کے لیے ڈسکوری کے مشن کو ایک روز کے لیے بڑھا دیا تھا۔ اب اس خلائی شٹل کی واپسی فلوریڈا کے کینیڈی خلائی سنٹر پر 19اپریل کو متوقع ہے۔