رسائی کے لنکس

یوکرین حملے سے قبل روس سے کوئی بات نہیں ہوئی، چین کا بیان


گریٹ ہال آف دی پیپل کے تیان من کےعلاقے میں تعینات چینی پولیس۔ تین مارچ 2022ء
گریٹ ہال آف دی پیپل کے تیان من کےعلاقے میں تعینات چینی پولیس۔ تین مارچ 2022ء

چین نے اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس کے حکام نے اپنے روسی ہم منصبوں سے کہاتھا کہ وہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے اختتام تک یوکرین پر حملہ مؤخر کردیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ چینی رہنماؤں کو ممکنہ طور پر حملے کے بارے میں معلوم تھا اور اس طرح کی معلومات مغرب میں چین کی ساکھ کو داغدار کر دے گی۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے تین مارچ کی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو غلط خبرقرار دیا ہے۔ اخبار نے مغربی انٹیلی جنس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی حکام نے فروری کے اوائل میں سینئر روسی حکام سے کہا تھا کہ وہ چار سے بیس فروری تک جاری کھیلوں کے اختتام سے قبل یوکرین پر حملہ نہ کریں۔

وانگ نے جمعرات کو ایک باقاعدہ نیوز کانفرنس میں بتایا کہ توجہ ہٹانے اور الزام تراشی کا ایسا عمل افسوسناک ہے ۔یوکرین کے مسئلے کی پیش رفت کے نتائج واضح ہیں اور اس مسئلے کی حقیقت سب جانتے ہیں ۔

واشنگٹن میں چینی سفارتخانے کے ترجمان لیو پینگیو نے کہا کہ رپورٹ کے دعوے بے بنیاد قیاس آرائیاں ہیں اور ان کا مقصد چین کو مورد الزام ٹھہرانا اور بدنام کرنا ہے۔

سٹمسن سنٹر ،واشنگٹن میں چین پروگرام کے ڈائریکٹر یون سن کہتے ہیں کہ قومی لیڈر آنے والی جنگ کے بارے میں شاذو نادر ہی تبادلہ خیال کرتے ہیں۔اس لیے روس اور چین کے بارے میں یہ اطلاعات خصوصی تعلق کی نشاندہی کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت اہم ہے ،کیونکہ یہ رپورٹ چین روس تعلقات کی نوعیت اورگہرائی کی عکاسی کرتی ہے۔اگر چین روس کے حملےسے اتفاق کرتا ہے تو چین شریک جرم ہے۔ہم پھر چین سے یہ توقع نہیں کر سکتے کہ وہ تعمیری انداز میں جواب دے گا۔

امریکہ نے روس کے حملے پر سخت تنقید کی ہےاور محکمہ خارجہ کی ترجمان جالینا پورٹرنے جمعرات کو کہا کہ ماسکو کے حامی تاریخ کے غلط رخ پر ہیں اوردنیا جائزہ لے رہی ہے کہ کون سی قومیں یوکرین کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں۔

چین روس تعلقات میں پچھلے سال میں قربت آئی ہے،لیکن چین نے ماسکو کی پشت پناہی کرنے کے بجائے،اس ہفتے خود کو جنگ میں تقسیم ملکوں روس اور یوکرین کے درمیان ثالث کے طور پر پیش کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG