رسائی کے لنکس

بالی ووڈ 2017، ناکام فلموں سے کروڑوں روپے ڈوب گئے


سال 2017 کی کچھ فلمیں تو ریلیز ہوتے ہی شائقین کے دل اور سینما کے پردے سے اترگئیں اور اپنا بجٹ بھی پورا نہ کرسکیں۔ یہاں تک کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے میگا اسٹارز کی فلمیں جن کا پورے سال چرچا رہا بمشکل اپنا خرچا نکال سکیں۔

بالی وڈ کے لئےسال 2017 کچھ زیادہ اچھاثابت نہیں ہوا۔ بڑے ناموں اور بینرز والی فلمیں جن سے سب توقعات لگائے بیٹھے تھے باکس آفس پر کمال دکھانے میں ناکام رہیں۔

کچھ فلمیں تو ریلیز ہوتے ہی شائقین کے دل اور سینما کے پردے سے اترگئیں اور اپنا بجٹ بھی پورا نہ کرسکیں۔ یہاں تک کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے میگا اسٹارز کی فلمیں جن کا پورے سال چرچا رہا بمشکل اپنا خرچا نکال سکیں۔

اس سال ودیا بالن، امیتابھ بچن، سلمان خان، رنبیر کپور، کترینہ کیف، فرحان اختر، شاہ رخ خان اور کنگنا رانوت کی دو، دو فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن کوئی ایک بھی فلم بلاک بسٹر ثابت نہیں ہوئی۔

سال 2017 میں کون کون سی فلمیں تھیں جنہوں نے شائقین کو مایوس کیا، دیکھتے ہیں’ بزنس ٹو ڈے‘ کی تیار کردہ اس فہرست میں۔

جب ہیری میٹ سیجل
شاہ رخ خان اور انوشکا شرما اسٹارر کوسال کی سب سے بڑی مایوس کن فلم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ’ہیر ی میٹ سیجل‘ شاہ رخ خان کی سب سے ’لو اوپننگ‘ ثابت ہوئی۔ بڑا بجٹ اور اسٹار کاسٹ بھی شائقین کو سینما گھروں تک لانے میں ناکام رہے۔

کمزور کہانی، بے ربط سیچوئیشنز اور روایتی کیرزما کی غیرموجودگی نے فلم کی ناکامی میں کردار ادا کیا۔ شاہ رخ خان کو بزنس نہ کرنے کی وجہ سے الٹا ڈسٹری بیوٹرز کو پیسے دینے پڑئے۔

سرکار3
سیاسی تھرلر سیریز کی تیسری فلم ’سرکار3‘بھی باکس آفس پر کوئی چمتکار نہیں دکھا سکی۔ امیتابھ بچن کی یہ فلم دنیا بھر میں صرف 12 کروڑ کا ہی بزنس کرسکی۔ ناقدین اور شائقین دونوں نے’ سرکار3‘ میں ناقص اداکاری کو فلم کے فلاپ ہونے کی بڑی وجہ قراردیا۔

جگا جاسوس
رنبیر کپورکترینہ کیف کی جگا جاسوس کو انو راگ باسو نے 131 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنایا تھا لیکن فلم محض 83 کروڑ روپے کما سکی۔ کم تر اداکاری، ڈائیلاگز کی ناقص ادائیگی اور مجموعی طور پر غیر متاثر کن تاثر کی وجہ سے رنبیر کپور اور کترینہ کیف بھی ’جگا جاسوس‘ کو ڈوبنے سے بچا نہ سکے۔

بیگم جان
سرجیت مکھرجی کی فلم ’بیگم جان‘ سے شائقین وہی امیدیں لگائے بیٹھے تھے جو ودیا بالن کی’ ڈرٹی پکچرز‘سے تھیں اور پوری ہوئی تھیں لیکن اس بار ایسا نہ ہوسکا۔ ’بیگم جان‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا توسب نے تعریف کی لیکن فلم اپنا اثردکھانے میں ناکام رہی۔ تقریباً 19 کروڑکے بجٹ سے بنی ’بیگم جان‘ کی مجموعی کمائی 20 کروڑ سے آگے نا بڑھ سکی ۔

نور
پاکستانی رائٹر صبا امتیاز کے ناول ’کراچی یوآرکلنگ می‘ پربنائی گئی فلم ’نور‘ سے توقع تھی کہ یہ ہلکی پھلکی کامیڈی اورڈرامے سے سجی ہوگی جسے دیکھنے والے پسند کریں گے لیکن یہ فلم بھی توقعات پرپوری نہ اترسکی۔ تقریباً 24 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنی ’نور‘ کابزنس صرف 11 کروڑ رہا۔ فلم میں مرکزی کردار سونا کشی سنہا نے ادا کیا تھا۔

رنگون
وشال بھردواج کے نام کے ساتھ ’حیدر‘،مقبول‘ اور بہت سی دوسری ہٹ فلمیں جڑی ہیں لیکن شاہد کپور، سیف علی خان اور کنگنا رانوٹ کی ’رنگون‘ اس فہرست کو جوائن نہ کرسکی۔’رنگون‘ 80 کروڑ کے بڑے بجٹ والی فلم تھی لیکن کمائی کے خانے میں صرف 41 کروڑ ہی درج کرا سکی۔


حسینہ پاریکر
حسینہ پاریکر میں شردھا کپور نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بہن کا رول نبھایا اور اسی وجہ سے فلم خبروں میں ’ان‘ بھی رہی لیکن فلم کا انجام فلم سے جڑے لوگوں کے لئے بھیانک خواب سے کم ثابت نہیں ہوا۔فلم’ حسینہ پاریکر‘ کب سینما گھروں میں لگی اورکب اترگئی کسی نے نوٹس ہی نہیں لیا۔ فلم 12 کروڑ کا ہی بزنس کرسکی.

لکھنو سینٹرل
فرحان اختر کی’ لکھنو سینٹرل ‘مشکل سے اپنا خرچا ہی نکال پائی۔فلم 30 کروڑ روپے میں بنی اور باکس آفس پر کمائی بھی 30 کروڑ ہی رہی۔ فلم کی کاسٹ میں ڈیانا پینٹی اور دپیک دوبریال شامل تھے۔

رابطہ
سشانت سنگھ راجپوت ،کیرتی سونن اورجم سربھ کی کاسٹ پرمشتمل فلم ’رابطہ‘ کا بھی فلمی شائقین نے نوٹس نہیں لیا اورفلم مکمل طورپر ناکام رہی۔ ’رابطہ‘ 33 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنی تھی جوباکس آفس پرصرف 25 کروڑ کا بزنس سمیٹ سکی۔

سمرن
کنگنا رانوٹ کی فلم ’سمرن‘ بالی وڈ کی خراب پرفارمنس کی فلموں کے درمیان امید کی کرن سمجھی جا رہی تھی لیکن یہ بھی بالی وڈ کی فلاپ فلموں کا سلسلہ نہ توڑ سکی۔’سمرن‘ 30 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی گئی تھی جس کی کمائی 29 کروڑ روپے رہی۔

XS
SM
MD
LG