رسائی کے لنکس

سال2017 کی کامیاب ترین بالی ووڈ فلمیں


سال 2017 بھی وقت کے ساتھ ساتھ ’بوڑھا‘ ہو چلا ہے اور کچھ ہی دن بعد یہ ہمیشہ کے لئے تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔ آیئے اس موڑ پر جائزہ لیں کہ بالی ووڈ فلموں کے لئے یہ سال کتنا کامیاب ثابت ہوا اور کن کن فلموں نے بہت اچھا بزنس کیا۔

سال کی سب سے کامیاب اور خوب پیسہ کمانے والی فلموں کا ایک سانس میں نام لیں تو یہ ہیں ’گول مال اگین‘،’جڑواں‘ ،’رئیس ‘،’ٹیوب لائٹ‘، ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘، ’جولی ایل ایل بی2‘، ’ بدری ناتھ کی دلہنیا‘، ’کابل‘، ’بادشاہو‘ اور ’ہندی میڈیم۔

آیئے اب اس بات کا جائزہ لیں کہ باکس آفس پر کس فلم نے کتنا روپیہ کمایا۔

گول مال اگین
بھارتی اخبار ’انڈین اپکسپریس‘ نے فلمی کاروبارپر گہری نظر رکھنے والے سب سے مشہور تجزیہ نگار ترون آدرش کے جاری کردہ اعداد و شمار کے حوالے سے کہا ہے کہ سال 2017 کی سب سے زیادہ کامیاب فلم رہی گو مال اگین ‘۔

اس کامیابی کی وجہ رہی’ کامیڈی’ جسے تمام افراد نے پسند کیا۔کامیڈی کی وجہ سے ہی گول مال سیریز کی یہ نئی فلم’ گول مال اگین ‘بھی دوسری فلموں کی طرح شائقین کو بھا گئی۔

اجے دیوگن اور پرینیتی چوپڑہ کی اداکاری سے سجی ’گول مال اگین‘ سال2017 میں 200 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی واحد فلم ہے۔ اس کی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ لوگ بالی وڈ مصالحہ فلموں کو ہی پسند کرتے ہیں۔ گول مال اگین کا باکس آفس کلیکشن 205.65 کروڑ روپے رہا۔

جڑواں2
سلمان خان کی 1997 کی ہٹ فلم ’جڑواں‘ کا سیکوئل ’جڑواں2‘ بھی باکس آفس پر کامیاب رہا۔ ورون دھون، تاپسی پنوں اور جیکلین فرنینڈس کی جڑواں2 بھی کامیڈی فلم تھی جسے لوگوں نے پسند کیا۔ فلم 138.61 کروڑ روپے کے بزنس کے ساتھ سال کی دوسری بڑی فلم ثابت ہوئی۔

رئیس
شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس ‘باکس آفس پر 137.51 کروڑ روپے کمائی کر سکی۔ فلم میں شراب کا کاروبار کرنے والے رئیس عالم کے روپ میں شاہ رخ خان نے ایک بار پھراپنے فینز کے دل جیت لئے۔

نواز الدین صدیقی نے آئی پی ایس افسرجدیپ کے کردار میں بھرپور پرفارمنس دی۔ پاکستانی اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان نے رئیس میں شاہ رخ خان کی ہیروئن کا رول ادا کیا۔

ٹوائلٹ ایک پریم کتھا
بھارت میں ٹوائلٹس کی کمی جیسے معاشرتی مسئلے کو اجاگر کرتی اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ اچھا بزنس کرنے والی فلموں میں شامل ہے۔ فلم نے 134.22 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

ٹیوب لائٹ
سلمان خان کی ’ٹیوب لائٹ‘ ان کی پچھلی فلموں کی طرح بلاک بسٹر تو نہ بن سکی لیکن 134.22 کروڑ کا بزنس ضرورکر سکی۔ سلمان کے فینز کی مہربانی سے’ ٹیوب لائٹ‘ کمائی کے حوالے سے سال کی چھٹی بڑی فلم بن گئی اور باکس آفس کے 100 کروڑ کلب کا حصہ بن گئی۔

جولی ایل ایل بی 2
اکشےکمار کی جولی ایل ایل بی 2 بھی سماجی موضوع پر مبنی تھی۔ فلم میں بااثر لوگوں کے خلاف کیس لڑتے وکیل کا کردار اکشے کمار نے اچھے طریقے سے کیا۔ جولی ایل ایل بی 2 نے 117 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

بدرناتھ کی دلہنیا
ورون دھون اورعالیہ بھٹ کی جوڑی کوبدری ناتھ کی دلہنیا میں بہت پسند کیا گیا۔ فلم کی کمائی 116.68 کروڑ روپے تھی۔

کابل
سال2017 میں ریتھک روشن کی ریلیز ہوئی فلم ’کابل‘ نے 103.84 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ فلم ریتھک روشن اور یمی گپتا نے بصارت سے محروم جوڑے کا کردار ادا کیا۔

بادشاہو
سن 1975 سے1977 تک کے ایمرجنسی دور کے پس منظرمیں بنائی گئی ’بادشاہو‘ نے 78.1 کروڑ روپے کمائی کی۔ فلم کی کاسٹ میں الینا ڈی کروز اور عمران ہاشمی بھی شامل تھے۔

ہندی میڈیم
ہندی میڈیم میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر اور عرفان خان نے مرکزی کردار نبھائے۔ فلم کے لئے عرفان خان کو بہترین اداکار کے اسکرین ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ’ہندی میڈیم‘ کے باکس آفس کلیکشنز 69.59 کروڑ روپے رہے۔

XS
SM
MD
LG