رسائی کے لنکس

خواتین کا بناؤ سنگھار ان کی شخصیت کو ظاہر کرتا ہے: رپورٹ


مرد میک اپ کے ساتھ عورتوں کو باوقار خیال کرتے ہیں لیکن عورتوں کی رائے اس کے برعکس ہے جن کا خیال ہے کہ میک اپ پہننے والی خواتین کی شخصیت سے برتری کا احساس جھلکتا ہے۔

خواتین کے بناؤ سنگھار کرنے کی روایت صدیوں پرانی ہے تاہم جدید دنیا میں ایک عام مفروضے کے مطابق میک اپ کے ساتھ خواتین کو اعلیٰ حیثیت اور اعلی ملازمت کےساتھ منسلک کیا جاتا ہے لیکن کیا خواتین کا بناؤ سنگھار ان کی حیثیت کے بارے میں بہت کچھ بتاتا ہے۔

اسی حوالے سے شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ مردوں اور عورتوں میں میک اپ پہننے والی خواتین کی حیثیت کے بارے میں بالکل مختلف تصورات پائے جاتے ہیں۔

اسکاٹ لینڈ کی اسٹرلنگ یونیورسٹی اور پینسلوانیا کی گیٹیس برگ کالج کے مشترکہ مطالعے کے نتائج بتاتے ہیں کہ مرد میک اپ کے ساتھ عورتوں کو باوقار خیال کرتے ہیں لیکن عورتوں کی رائے اس کے برعکس ہے جن کا خیال ہے کہ میک اپ پہننے والی خواتین کی شخصیت سے برتری کا احساس جھلکتا ہے۔

اسٹرلنگ یونیورسٹی سے وابستہ محقق ڈاکٹر وکٹوریہ میلیوا اور ساتھی محققین کا سائنسی پیپر 'جرنل پرسپشن' میں شائع ہوا ہے، جس میں وہ لکھتی ہیں کہ میک اپ حیثیت کے بارے میں تصورات کو تبدیل کر سکتا ہے لیکن اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ فیصلہ کرنے والا مرد ہے یا عورت۔

ڈاکٹر وکٹوریہ نے کہا کہ مرد اور عورت دونوں نے اتفاق کیا کہ میک اپ کے ساتھ خواتین کو زیادہ پرکشش نظر آتی ہیں لیکن ان کی حیثیت کے بارے میں وہ مختلف تصورات رکھتے ہیں۔

جیسا کہ مرد شرکاء نے میک اپ پہننے والی خواتین کو پروقار بتایا تھا لیکن خواتین شرکاء کی طرف سے انھیں ڈومینینٹ یا با اثر شخصیت کا مالک سمجھا گیا تھا۔

محققین نے لکھا کہ اعلیٰ حیثیت دو مختلف طریقوں غلبے اور وقار سے حاصل کی جا سکتی ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ زبردستی یا ہیرا پھیری کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو متاثر کر سکتے ہیں یا اپنے وقار کے ذریعے اعلیٰ حیثیت حاصل کر سکتے ہیں۔

محققین نے دو تجربات کئے ہیں جس میں پہلے تجربے کے لیے کمپیوٹر سافٹ وئیر کی مدد سے خواتین کے چہروں کا مناسب میک اپ کیا گیا تھا۔

اس کے بعد شرکاء سے پوچھا گیا کہ وہ میک اپ اور بغیر میک اپ کے چہروں کو مختلف خصلتوں مثلاً پرکشش، وقار اور برتری کے حوالے سے درجہ بندی کریں۔

مرد اور خواتین دونوں شرکاء نے میک اپ کے ساتھ خواتین کی پرکشش زمرے میں درجہ بندی کی تھی۔

تاہم صرف عورتوں نے میک اپ پہننے والی خواتین کو 'غالب شخصیت' کے زمرے میں اعلیٰ درجہ بندی کی دوسری طرف مردوں کی طرف سے کاسمیٹیکس پہننے والی خواتین کی درجہ بندی 'باوقار شخصیت' کے زمرے میں کی گئی۔

میک اپ کے ساتھ خواتین کو غلبے والا کیوں بتایا گیا ہے اس پر تحقیقات کے لیے محققین نے تخورتی مطالعوں کا انعقاد کیا جس سے ظاہر تھا کہ عورتیں میک اپ پہننے والی خواتین کے بارے میں منفی آراء رکھتی تھیں۔

شرکاء خواتین نے محققین کو بتایا کہ وہ میک اپ پہننے والی خواتین کو رشک کی نظر سے دیکھتی ہیں اور سوچتی ہیں کہ وہ لوگوں سے میل میلاپ بڑھانا جانتی ہیں اور بغیر میک اپ پہننے والی خواتین کے مقابلے میں کہیں زیادہ پرکشش نظر آتی ہیں۔

محقق ڈاکٹر وکٹوریہ میلیوا نے لکھا کہ پس کاسمیٹیکس کے استعمال کے ممکنہ اثرات کو سمجھنا نا صرف میک اپ پہننے والے کے لیے، بلکہ دیکھنے والے کے لیے بھی بہت اہم ہیں۔

XS
SM
MD
LG