رسائی کے لنکس

ڈسکو کی ملکہ انتقال کرگئیں


ڈونا سمر
ڈونا سمر

مشہوری کی انتہاؤں کو چھونے کے باوجود، ایک عرصے تک وہ یہی کہتی رہیں کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں

وہ’ ڈسکو‘ کی ملکہ کے نام سے جانی جاتی تھیں۔ اپنے چاہنے والوں میں اُن کے شہرہ آفاق گانوں کی گونج اب بھی جوان ہے۔ اُنھیں 1970ءکی دہائی کے ڈسکو عہد کی بہترین گلوکارہ قرار دیا جاتا ہے۔

وہ سرطان کےمرض میں مبتلہ تھیں اور جمعرات کو اُن کا انتقال ہوا۔

کئی نسلیں ڈونا سمرکی مداح تھیں، جن کےدلوں میں اُن کے لیے ایک خاص کشش تھی۔ اُن کے گانے اب بھی موسیقی کے شائقین کے کانوں میں رس گھولتے ہیں، جب کہ ایک عرصے تک موسیقی کی دنیا میں اُن کی دھوم رہی۔

مشہوری کی انتہاؤں کو چھونے کے باوجود، ایک عرصے تک وہ یہی کہتی رہیں کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کامیابی نےجب بھی دستک دی، وہ حیران سی رہ گئیں۔ بس سوچنے کی دیر ہے اورکامیابی آپ کے قدم چومتی ہے۔ لیکن، اِس کا انداز ، زیادہ تر، حیران کن اور عجیب ہوتا ہے۔

ڈونا گینز 31دسمبر 1948ء میں ریاست میساچیوسٹس کے شہر بوسٹن میں ایک مذہبی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ پانچ بار گرامی ایوارڈ جیتنے والی اِس گلوکارہ نے گانے کی ابتدا چرچ کے طائفے کے ساتھ گا کر کی۔

ہائی اسکول میں داخل ہونے کے بعد وہ ادارے کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہیں، اور گریجوئیشن سے پہلے اُنھوں نے ’ہیئر‘ نامی موسیقی پر مبنی ایک فلم میں اداکاری کی، جس پراڈکشن میں حصہ لینے کے لیے اُنھوں نے جرمنی کا سفر کیا۔

اُنھوں نے جرمنی میں قیام کیا اور 1974ء میں اپنا ’سولوالبم‘ Lady of the Nightریکارڈ کرایا۔ اس البم کی یورپ میں خوب پزیرائی ہوئی، تاہم یہ البم امریکی موسیقی کے چارٹس پر مقام پیدا کرنے میں ناکام رہا۔

اگلے ہی برس، قسمت نے اُن کا ساتھ اُس وقت دیا جب اُن کا گاناLove to Live You Babyسامنے آیا، جس کے بعد ریکارڈنگ کمپنیوں کے منتظمیں کی نگاہیں اُن پر پڑیں اور اُن کے گانے موسیقی کے امریکی چارٹس پر نمایاں جگہ پانے لگے۔

سمر امریکہ واپس آئیں اور اُن کے مداحوں کی تعداد بڑھنے لگی، اور 1979ء میں وہ پہلی خاتون گلوکارہ بن گئیں جن کے ایک ہی برس کے دوران تین گانے پہلے نمبر پر رہے۔

ڈسکو کا دور ختم ہونے کے بعد بھی سمر اپنے گانے ریکارڈ کراتی رہیں، اور 1983ء میں اُن کا ایک اور معرکہ الآرا گاناShe Works Hard for the Moneyریکارڈ ہوا۔

بعد میں، ایک ایسا دور بھی آیا جب سمر کے گانے موسیقی کے چارٹس پر موجود نہیں ہواکرتے تھے، پھر بھی وہ اپنے مداحوں کی خوشی کو ملحوظ خاطر رکھ کر، محافل موسیقی میں گایا کرتی تھیں۔

سمر جمعرات کی صبح فلوریڈا میں انتقال کر گئیں ، جہاں وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہتی تھیں۔ بروس سڈانو خود بھی ایک گلوکار اور شاعر ہیں۔

اہل خانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اُنھیں سمر کی زندگی بھر کی غیر معمولی کامیابیوں پر فخر ہے۔ ڈونا سمر، ڈسکو کی ملکہ کا انتقال 63برس کی عمر میں ہوا۔

ڈونا سمر کے گانے کا انداز، ملاحظہ کیجئے:

XS
SM
MD
LG