رسائی کے لنکس

نائجیریا: خودکش حملوں میں 60 افراد ہلاک


فائل
فائل

حملہ آوروں نے دکوا کے قصبے میں قائم مہاجر بستی کو نشانہ بنایا جہاں ریاست بورنو کے تشدد زدہ علاقوں سے ہجرت کرنے والے 73 ہزار سے زائد پناہ گزین مقیم ہیں۔

نائجیریا میں بوکو حرام کے تشدد کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کے ایک کیمپ پر دو خود کش حملوں کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حملے ریاست بورنو کے دارالحکومت میڈوگوری سے 85 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم پناہ گزینوں کی بستی میں منگل کو کیے گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلی فون لائنوں کی خرابی کے باعث حملوں کی اطلاع بدھ کو صوبائی دارالحکومت موصول ہوئی۔

ریاست بورنو کی امدادی ایجنسی کے سربراہ احمد ستومی کے مطابق خودکش حملہ آوروں نے دکوا کے قصبے میں قائم مہاجر بستی کو نشانہ بنایا جہاں ریاست بورنو کے تشدد زدہ علاقوں سے ہجرت کرنے والے 73 ہزار سے زائد پناہ گزین مقیم ہیں۔

احمد ستومی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملے میں کئی درجن افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں میڈوگوری کے اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

بوکو حرام کی شدت پسند تحریک کا آغاز سات سال قبل بورنو سے ہی ہوا تھا جو ایک مسلم اکثریتی سرحدی ریاست ہے اور ماضی میں جنگجووں کا مضبوط گڑھ رہی ہے۔

لیکن گزشتہ سال نائجیرین فوج کی جانب سے بوکو حرام کے خلاف کارروائیوں کے بعد سے جنگجووں نے ریاست کے مختلف دیہات پر حملے کرنے اور پھر فرار ہوجانے اور مختلف پرہجوم مقامات، بازاروں اور عبادت گاہوں پر خود کش حملے کرنے کی حکمتِ عملی اختیار کرلی ہے جس کے نتیجے میں عام شہریوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG