رسائی کے لنکس

شام: فضائی حملے میں حکومت کے حامی درجنوں جنگجو ہلاک


شامی حکام کے مطابق حملہ ابولکمال نامی قصبے کے جنوب مشرق میں الحرہ کے علاقے میں قائم فوجی چوکیوں پر کیا گیا۔ (فائل فوٹو)
شامی حکام کے مطابق حملہ ابولکمال نامی قصبے کے جنوب مشرق میں الحرہ کے علاقے میں قائم فوجی چوکیوں پر کیا گیا۔ (فائل فوٹو)

دمشق حکومت کی حمایت میں لڑنے والی غیر ملکی ملیشیاؤں کے ایک کمانڈر نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ ڈرون طیاروں نے ان چوکیوں پر میزائل برسائے جو عراقی جنگجووں کے زیرِ استعمال تھیں۔

شام کے مشرقی علاقے میں کیے جانے والے ایک فضائی حملے میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے حامی لگ بھگ 40 غیر ملکی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے حملے کا الزام امریکہ پر عائد کیا ہے لیکن امریکی حکام نے اس کی تردید کی ہے۔

شامی حکام کے مطابق حملہ ابولکمال نامی قصبے کے جنوب مشرق میں الحرہ کے علاقے میں قائم فوجی چوکیوں پر کیا گیا۔

دمشق حکومت کی حمایت میں لڑنے والی غیر ملکی ملیشیاؤں کے ایک کمانڈر نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ ڈرون طیاروں نے ان چوکیوں پر میزائل برسائے جو عراقی جنگجووں کے زیرِ استعمال تھیں۔

کمانڈر نے دعویٰ کیا کہ حملہ کرنے والے ڈرون امریکی تھے جنہوں نے علاقے میں شامی فوج کے زیرِ استعمال بعض چوکیوں پر بھی بمباری کی۔

شام میں تشدد کی صورتِ حال پر نظر رکھنے والی برطانوی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' نے کہا ہے کہ حالیہ چند ماہ کے دوران حکومت کے حامی جنگجووں پر کیا جانے والا یہ سب سے ہلاکت خیز فضائی حملہ ہے۔

آبزرویٹری کے مطابق حملہ اتوار کی شب شام اور عراق کی سرحد پر کیا گیا تھا جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 38 سے زائد غیر ملکی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

آبزرویٹری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تاحال ہلاک ہونے والے جنگجووں کی قومیت کے بارے میں درست اطلاعات نہیں مل سکی ہیں لیکن اس علاقے میں شامی حکومت کے فوجی دستوں کے ہمراہ عراقی، ایرانی، لبنانی اور افغان جنگجو تعینات ہیں۔

شامی ذرائع ابلاغ نے فضائی حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد اور قومیت کے متعلق کچھ نہیں بتایا البتہ انہوں نے اس حملے کا الزام امریکہ کی سربراہی میں قائم داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد پر لگایا ہے۔

بین الاقوامی اتحاد کے میڈیا آفس نے کہا ہے کہ اتحاد کو بھی علاقے میں فضائی حملے کی اطلاعات ملی ہیں لیکن یہ حملہ بین الاقوامی اتحاد کے طیاروں نے نہیں کیا۔

داعش کے خلاف کارروائیاں کرنے والے اس اتحاد کے علاوہ اسرائیل بھی شام میں وقتاً فوقتاً شامی حکومت کے حامی لبنانی اور ایرانی جنگجووں اور اہداف پر بمباری کرتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG