رسائی کے لنکس

جذام کی روک تھام، ڈاکٹر روتھ فاؤ کے لیے جرمن ایوارڈ


یہ روتھ فاؤ ہی کی خدمات کا نتیجہ ہے کہ پاکستان ایشیائی خطے میں جذام کی بیماری سے نجات پانے والے ممالک میں سرفہرست رہا ہے اور کافی حد تک بیماری پر قابو پا لیا گیا ہے۔۔

پاکستان میں ’لیپروسی‘ کے خلاف اعلیٰ خدمات پیش کرنے والی جرمن خاتون ڈاکٹر روتھ فاؤ کو حال ہی میں جرمنی کی حکومت کی جانب سے ریاستی ایوارڈ 'اسٹیفر میڈل' سے نوازا گیا ہے۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 55 برسوں سے جذام کی بیماری کے خلاف جنگ لڑنے والی ڈاکٹر روتھ فاؤ کی پاکستانیوں کیلئے خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔

کراچی میں جرمن قونصل خانے میں ڈاکٹر روتھ فاو کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کے دوران انھیں جرمنی کی جانب سے پاکستان میں بے مثال خدمات پر اسٹیفر میڈل کے طور پر ایک گولڈ میڈل دیا۔

قائم مقام جرمن قونصل جنرل، رینر اسکمیڈشن نے جرمن حکومت کے چیف منسٹر بادین ورٹمبرگ کی جانب سے ڈاکٹر روتھ فاؤ کو یہ گولڈ میڈل پیش کیا۔ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’ڈاکٹر روتھ فاؤ پاکستان اور جرمنی کے مابین تعلقات میں ایک برج کی سی حیثیت رکھتی ہیں‘۔

جرمنی کی حکومت کی جانب سے اسٹیفر میڈل اپنے ملک میں اعلیٰ کارکردگی پیش کرنے پر دیا جاتا ہے۔ جرمنی کی خاتون ڈاکٹر روتھ کو یہ اعزاز پاکستان میں اپنی بیش بہا خدمات پر دیا گیا ہے۔ سٹیفر نامی میڈل جرمن ریاست میں ایک اعلیٰ اعزاز کے طور پر جانا جاتا ہے۔

90 سالہ روتھ فاؤ پاکستان میں جذام کے مریضوں کیلئے مسیحا کی سی حیثیت رکھتی ہیں جنھوں نے55 برس قبل اپنی خدمات کا سفر کراچی شہر سے کیا جو بعدازاں پورے ملک میں پھیل گیا؛ اور جذام یعنی کوڑھ کے مریضوں کو صحتیاب کرنے انھیں عام زندگی میں واپس لانے تک روتھ فاؤ کا ایک اہم بے مثال کردار رہا ہے۔

روتھ فاؤ میری ایڈیلڈی لیپروسی سینٹر نامی غیر سرکاری تنظیم بانی و سربراہ ہیں جو کراچی شہرسمیت ملک بھر میں جلد کی خطرناک بیماری جذام کے خلاف مفت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

یہ روتھ فاؤ ہی کی خدمات کا نتیجہ ہے کہ پاکستان ایشیائی خطے میں جذام کی بیماری سے نجات پانے والے ممالک میں سرفہرست رہا ہے اور کافی حد تک بیماری پر قابو پا لیا گیا ہے۔ روتھ نے نا صرف جذام بلکہ ٹی بی اور اندھے پن کے علاج کیلئے بھی خدمات انجام دی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی روتھ فاؤ کو جرمنی و پاکستان دونوں ممالک کے مختلف اداروں کی جانب سے مختلف ایوارڈز اور اعزازات دئے جا چکے ہیں۔

جبکہ گزشتہ کئی برسوں میں ڈاکٹر راتھ فاؤ کو حکومت پاکستان کی جانب سے انھیں ستارہ قائداعظم، ہلال امتیاز، ہلال پاکستان سمیت لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ جیسے اعزازات بھی دئےجا چکے ہیں۔

روتھ انسانی جذبہ رکھنےوالی ایک اعلیٰ خاتون شخصیت کے طور پر پاکستان اور جرمنی دونوں ممالک میں یکساں مقبول ہیں۔

XS
SM
MD
LG